اقوام متحدہ کے مقبوضہ کشمیر میں تحقیقات کے حکم پرشہباز شریف کا خراج تحسین

اقوام متحدہ کے مقبوضہ کشمیر میں تحقیقات کے حکم پرشہباز شریف کا خراج تحسین
کیپشن: image by facebook

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جانب سے بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی عالمی سطح پر تحقیقات کے مطالبے کا خیر مقدم کردیا۔

شہباز شریف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’ہم بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی جانب سے کمیشن فار انکوائری قائم کرنے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہزاروں معذوروں اور پلیٹ گن سے 6 ہزار سے زائد زخمی ہونے والے کشمیری، انسانی حقوق کے خلاف بھارتی جرائم کی گواہی دے رہے ہیں اور یہ سب کچھ ’عالمی برادری کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں سینئر صحافی اور رائزنگ کشمیر کے ایڈیٹر شجاعت بخاری کے مبینہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شجاعت بخاری کو اس لیے قتل کردیا گیا کیونکہ وہ اپنے قلم سے اپنے لوگوں کی خدمت کر رہے تھے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ شجاعت بخاری کے قتل کی آزادانہ تحقیقات ہونی چاہیے اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہیے , سابق وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ میری دعائیں شجاعت بخاری کے بہادر اہل خانہ کے ساتھ ہیں جو ان کی تحریروں میں بہادر بنے رہے۔

مسلم لیگ کے صدر نے کہا کہ عید الفطر کے پر مسرت موقع پر ’ہمارے دل بھارت کے ظلم و ستم کا سامنا کرنے والے اور آزادی کی جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں‘۔

بھارتی آرمی چیف کے کشمیر سے متعلق دیئے گئے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارتی آرمی چیف نے پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کے نظریے کی توثیق کردی کہ کشمیریوں کے دل طاقت کے استعمال سے نہیں جیتے جاسکتے۔

انہوں نے کشمیری عوام کو پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے مسئلہ کشمیر کے معاملے کو فروغ دینے اور کشمیریوں کے تحفظ کا عزم کیا ہے۔