لندن: بیگم کلثوم نواز کے کمرے میں مشتبہ شخص کی داخل ہونے کی کوشش

06:40 PM, 16 Jun, 2018

لندن: ہارلے سٹریٹ کلینک میں زیر علاج بیگم کلثوم نواز کے کمرے میں ایک مشتبہ شخص نے داخل ہونے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی حکام نے روک لیا۔

اطلاعات کے مطابق ایک شخص نے ہارلے اسٹریٹ کلینک میں کلثوم نواز کے کمرے میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے اس شخص کو کلثوم نواز کے کمرے سے باہر نکال دیا۔

واقعہ ہارلے اسٹریٹ کلینک کی پہلی منزل پر پیش آیا جہاں سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کو وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے ، کلثوم نواز کے کمرے میں داخل ہونے ولالے کی شناخت ڈاکٹر نوید کے نام سے ہوئی ہے۔

 

نوید نے سیکیورٹی کو کارڈ دکھا کر ایسا ظاہر کیا جیسے وہ ہارلے کلینک میں ڈاکٹر ہے ، نوید نے کہا کہ وہ بیگم کلثوم نواز سے ملنے کے لیے آیا تھا اور اس نے کچھ غلط نہیں کیا بعدازاں پولیس نے ڈاکٹر نوید کو وارننگ دے کر چھوڑ دیا اور ہسپتال سے دور رہنے کی ہدایت کی۔

اس حوالے سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز کا کہنا ہے کہ ’فیملی پہلے ہی بہت پریشان ہے اور ایسے لوگ آکر اور پریشان کر رہے ہیں ، حسین نواز نے بتایا کہ یہ شخص سیکیورٹی کو بے وقوف بناکر کلثوم نواز کے کمرے تک پہنچا۔

حسین نواز کا کہنا ہے کہ  بیگم کلثوم نواز انتہائی نگہداشت وارڈمیں ہیں اور انہیں دعاوں کی ضرورت ہے ، انہوں نے بتایا کہ ’وارڈ میں گھسنے والے مشکوک شخص کو پولیس نے باہر نکال دیا، ہم پہلے ہی بہت پریشان ہیں، اوپر سے یہ آئی سی یو میں گھس گیا۔

حسین نواز نے کہا کہ ’میں نہیں جانتا یہ صاحب کون ہے، پولیس اور میڈیا خود پتا لگائے اگر یہ شخص ڈاکٹر بھی ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ جس چیز سے اس کا تعلق نہ ہو وہاں گھس جائے۔

خیال رہے کہ لندن کے اسپتال میں زیر علاج وینٹی لیٹر پر بیگم کلثوم نواز کی حالت بدستور تشویش ناک ہے ، لندن میں موجود نوازشریف اپنے صاحبزادے حسین نواز اور مریم نواز کے ساتھ اہلیہ کی تیمارداری کیلئے ہارلے اسٹریٹ کلینک پہنچ گئے ہیں۔

 

مزیدخبریں