کراچی میں پولیس کی مبینہ فائرنگ سے طالب علم جاں بحق

کراچی میں پولیس کی مبینہ فائرنگ سے طالب علم جاں بحق
کیپشن: image by facebook

کراچی :کراچی کی ابوالحسن اصفہانی روڈ پر پولیس کی مبینہ فائرنگ سے شہری جاں بحق ہوگیا ، ڈی آئی جی ایسٹ ذوالفقار لاڑک کے مطابق پولیس نے ملزمان کا گھیراؤ کیا تھا، فائرنگ کے تبادلے میں گاڑی میں سوار شہری کو گولی لگی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کی جگہ سے 30 بور کا پستول اور موٹرسائیکل قبضےمیں لےلی ، ذوالفقار لاڑک نے بتایا کہ واقعےمیں ملوث پانچ پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ برآمد اسلحے کی فارنزک رپورٹ آنےکے بعد مزید کارروائی کی جائے گی  ، تفصیلات کے مطابق ملزمان کار سوار کو لوٹنے کی کوشش کررہے تھے کہ پولیس اور ان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔


اسی دوران محسن حسن خان نامی بی کام کا طالب علم فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق جبکہ رمضان نامی شخص زخمی ہوگیا  ، پولیس نے موقع سے دو موٹر سائیکلیں برآمد کرلی ہیں۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے ایس ایس پی ملیر عدیل حسین چانڈیو کو تحقیقات افسر مقرر کیا گیا ہے جبکہ اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔

اس بات کی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ محسن حسن خان کس کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا۔