حج کیلئے 60 ہزار افراد کا اعلان جلد کیا جائے گا: وزارت حج و عمرہ

Hajj pilgrims, Saudi government, registration, local, foreigners, Pakistan

ریاض: سعودی عرب میں مقیم ملکی و غیر ملکی شہریوں کی جانب سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں اب تک حج کے لیے 4 لاکھ 50 ہزار درخواستیں موصول ہو چکی ہیں ۔

وزارت حج و عمرہ کے مطابق ملنے والی درخواستوں میں سے 60 فیصد تعداد مردوں کی ہیں جبکہ 40 فیصد خواتین ہیں ۔ درخواستوں کی حتمی منظوری کا مرحلہ 23 جون تک جاری رہے گا جس کے بعد صرف 60 ہزار افراد کو اگلے مرحلے کے لیے منتخب کیا جائے گا ۔

واضح رہے کہ رواں برس سعودی عرب میں مقیم افراد ہی حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے ۔ سعودی وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق رواں سال سعودی عرب میں مقیم 60 ہزار افراد ہی حج کر سکیں گے ۔ جاری اعلامیے کے مطابق کسی ملک کے شہریوں کو رواں سال حج کے لیے نہیں آنے دیا جائے گا ۔ بیرون ملک رہنے والے افراد کو حج کی اجازت نہیں ہو گی اور صرف ویکسین لگوانے والے افراد کو حج کرنے کی اجازت ہو گی ۔ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں سمیت غیر ملکی افراد حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے ۔

سعودی حکومت کی جانب سے اس فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی مولانا طاہر اشرفی نے کہا تھا کہ سعودی عرب نے کورونا اور عالمی صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا اس لیے حج سے متعلق سعودی عرب کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔