عمران خان چار سال معیشت کیساتھ کھلواڑ کر کے اسے آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ گئے: مریم نواز 

عمران خان چار سال معیشت کیساتھ کھلواڑ کر کے اسے آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ گئے: مریم نواز 

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان چار سال پاکستان کے ساتھ کھلواڑ کرتے رہے اور جب معیشت برباد ہو گئی تو اسے انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاس گروی رکھ دیا گیا، شہباز شریف نے پیٹرول کی قیمت میں اپنی طرف سے ایک روپے کا اضافہ نہیں کیا۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں جب حکومتیں جاتی ہیں تو وہ خوشی سے اپنی کارکردگی بتاتی ہیں مگر عمران خان جاتے جاتے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کیلئے بارودی سرنگیں بچھا کر گئے ہیں جس کا اعتراف سابق وزیر داخلہ نے بھی کیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف حکومت نے اپنی طرف سے کوئی اضافی ٹیکس نہیں لگایا اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافہ نہیں کیا بلکہ وزیراعظم انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدے کو پورا کرنے کے پابند ہیں جو پی ٹی آئی نے کیا تھا۔ 
مریم نواز شریف نے کہا کہ برسوں معیشت سے کھلواڑ کیا جارہا تھا اور جب معیشت برباد ہوگئی تو اسے آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا گیا۔ 2019 میں آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا گیا تھا جس کے مطابق ہر مہینے پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے اضافہ کرنا تھا اور ہمیں معاہدے کی پاسداری کیلئے اقدامات کرنے پڑ رہے ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سمیت لیوی اور ٹیکس لگانے کا معاہدہ کیا۔ پی ٹی آئی نے آخری بجٹ میں پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز کی شرح بڑھانے اور لیوی بڑھانے کا فیصلہ تھا اور ہمیں پاکستان کی معیشت کی بہتری کیلئے سخت فیصلے کرنے پڑے ہیں۔ 
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ عمران خان نے اپنی سیاست کیلئے سیکیورٹی اداروں کو داﺅ پر لگا دیا۔ پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل نے گزشتہ روز جو بات کی وہ انفرادی حیثیت سے نہیں کی، وہ سیاسی بات نہیں کر رہے تھے بلکہ ان کے پاس حقائق ہیں، عمران خان نے کہا تھا کھیلوں گا نہ کھیلنے دوں گا۔ 

مصنف کے بارے میں