ڈی آر ایس پروٹوکول توڑنے کے حوالے سے کوہلی کا بیان مایوس کن، مکمل طور پر غلط اور بے بنیاد ہے، سمتھ

ڈی آر ایس پروٹوکول توڑنے کے حوالے سے کوہلی کا بیان مایوس کن، مکمل طور پر غلط اور بے بنیاد ہے، سمتھ

رانچی : آسٹریلوی ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز سٹیون سمتھ نے بنگلور ٹیسٹ میں ڈی آر ایس پروٹوکول توڑنے کے حوالے سے ویرات کوہلی کے بیان کو مکمل طور پر غلط اور بے بنیاد قرار دے دیا۔ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان تیسرا ٹیسٹ (آج) جمعرات سے شروع ہو گا اور دونوں ٹیموں کے درمیان چار میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔

بدھ کو تیسرے ٹیسٹ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے آسٹریلوی قائد نے کہا کہ وہ ڈی آر ایس پروٹوکول توڑنے کے حوالے سے کوہلی کے بیان کو چیلنج کرتے ہیں، بنگلور ٹیسٹ میں جو بھی غلط کیا میں اس کا اعتراف کر چکا ہوں لیکن کوہلی کا یہ کہنا کہ ہم نے چیٹنگ کرنے کی کوشش کی یہ بالکل غلط ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے کوہلی کے بیان سے سخت مایوسی ہوئی لیکن اب ہر کوئی چاہتا ہے کہ ڈی آر ایس تنازع کو بھلا کر آگے بڑھا جائے، ہماری بھی تمام تر توجہ آخری دو میچز پر مرکوز ہے، ابتدائی دو میچز دلچسپ رہے امید ہے کہ تیسرے ٹیسٹ میں ایک بار پھر کرکٹ کی جیت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تیسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز میں دوبارہ برتری حاصل کرنے کی کوشش کریں گے.

تاہم ہدف کے حصول کیلئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی، بحیثیت کپتان میری ہر میچ میں کوشش ہوتی ہے کہ انفرادی طور پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کروں، رانچی ٹیسٹ میں بھی ٹیم کو فرنٹ سے لیڈ کرتے ہوئے اسے کامیابی دلانے کیلئے سخت محنت کروں گا۔