یہودی آباد کاروں کی مسجد اقصیٰ میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی

یہودی آباد کاروں کی مسجد اقصیٰ میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی

مقبوضہ بیت المقدس :یہودی آباد کاروں کی بڑی تعداد نے مسجد اقصیٰ میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی کی اورتاریخی حصے قبة الصخرة میں بھی داخل ہونے کی کوشش کی تاہم قبلہ اول کے محافظوں نے یہودی اشرار کی یہ سازش ناکام بنا دی۔اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی محکمہ اوقاف کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز بدھ کو 42 یہودی آباد کار مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے اور تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات کی ادائیگی کےساتھ مسجد کی بے حرمتی کی۔
اس موقع پر یہودیوں نے مسجد اقصیٰ میں قبة الصخرة میں داخل ہونے کی کوشش کی مگر وہاں پر موجود حفاظتی عملے میں یہودی شرپسندوں کو آگے جانے سے روک دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق قبة الصخرة میں یہودی اشرار کی آمد کی کوشش پر قبلہ اول کے محافظوں نے فوری حرکت میں آکر انہیں روک دیا۔عینی شاہدین نے بتایا کہ یہودی آباد کاروں اور قبلہ اول کے محافظوں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔
قبلہ اول پر دھاوے کے وقت یہودی آباد کاروں کے ہمراہ ان کے مذہبی پیشوا اور ربی بھی موجود تھے جنہوں نے قبلہ اول میں داخل ہونے کے بعد وہاں پر مزعومہ ہیکل سلیمانی پر روشنی ڈالی اور یہودیوں کو تاکید کہ وہ مذہبی تعلیمات پرعمل پیرا رہتے ہوئے ہیکل سلیمانی کے قیام کےلئے کوششیں جاری رکھیں۔