سرکاری ہیلی کاپٹر کا استعمال، نیب نے عمران خان کے خلاف اہم تفصیلات حاصل کرلیں

سرکاری ہیلی کاپٹر کا استعمال، نیب نے عمران خان کے خلاف اہم تفصیلات حاصل کرلیں

پشاور :قومی احتساب بیورو( نیب) نے عمران خان کے خلاف خیبر پختونخواہ کے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال پر سیکرٹریٹ کیڈر کے تین اہم افسران کے بیانات ریکارڈ کرتے ہوئے اہم تفصیلات حاصل کرلیں ہیں۔
 تفصیلات کے مطابق پشاور میں نیب حکام نے عمران خان کی جانب سے خیبر پختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال پر سیکرٹریٹ کیڈر کے تین اہم افسران کے بیانات ریکارڈ کرلیے ہیں اور ان سے اہم معلومات حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق نیب حکام نے اس حوالے سے سیکریٹری ایڈمنسٹریشن کے بعد سابق سیکریٹری اسٹبلشمنٹ کو بھی طلب کرلیا ہے۔واضح رہے کہ بیس فروری کو نیب نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے زیر استعمال سرکاری ہیلی کاپٹر سکینڈل کی تحقیقات شروع کی تھی۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے صوبائی حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 پر 22 گھنٹے اور ایکیوریل ہیلی کاپٹر پر 52 گھنٹے پرواز کی اور اوسطاً 28 ہزار روپے کے حساب سے 74 گھنٹوں کے 21 لاکھ 7 ہزار 181 روپے ادا کیے، عمران خان اگر پرائیویٹ کمپنیوں سے ہیلی کاپٹرز حاصل کرتے تو ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کا فی گھنٹہ خرچ 10 سے 12 لاکھ روپے جب کہ ایکیوریل ہیلی کاپٹر کا فی گھنٹہ خرچ 5 سے 6 لاکھ روپے ادا کرنا پڑتا۔

چیئرمین پی ٹی آئی پر ایم آئی7 1 ہیلی کاپٹر پر بنی گالا سے کوہاٹ، پشاور، مردان، بٹگرام، دیر اور کمراٹ جبکہ ایکیوریل ہیلی کاپٹر پر بنی گالا سے پشاور، کوہاٹ، ایبٹ آباد، ہری پور، چترال، سوات اور نوشہرہ تک کا سفر کرنے کے الزامات ہیں۔