شریفوں کی تجوریاں بھرنے کے لئے ملتان میٹرو بنائی گئی، عمران خان کا الزام

شریفوں کی تجوریاں بھرنے کے لئے ملتان میٹرو بنائی گئی، عمران خان کا الزام

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے الزام لگایا کہ دیگر منصوبوں کی طرح ملتان میٹرو بھی شریفوں کی تجوریاں بھرنے کے لئے بنائی گئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملتان میٹرو منصوبے کے حوالے سے جس حقیقت کا میں نے مشاہدہ کیا اور ملتان کے باسیوں نے اس کی تصدیق بھی کی کہ اس منصوبے کا مقصد عوام کو سہولت پہنچانا نہیں تھا بلکہ دیگر منصوبوں کی طرح ملتان میٹرو میں بھی کمیشن کے پیسے سے شریفوں کی تجوریاں بھرنا تھا۔

 

یاد رہے کہ عمران خان نے گزشتہ روز ملتان میں پارٹی رکنیت سازی مہم میں حصہ لیا تھا۔ اس دوران انہوں نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ دورہ ملتان کے دوران میٹرو کی صورت میں سفید ہاتھی میری نگاہوں کے سامنے رہا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میٹرو میں ہمیں بسیں دکھائی دیں نہ ہی قابل ذکر مسافر۔ اسے زندہ رکھنے کے لئے بھی بڑی سبسڈی درکار ہے۔ عوام کی بجائے بلاشبہ یہ منصوبہ بیرون ملک تجوریوں میں کمیشن منتقل کرنے کیلئے بنایا گیا۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں