وزارت داخلہ نے شریف خاندان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے انکار کر دیا

وزارت داخلہ نے شریف خاندان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے انکار کر دیا

اسلام آباد: نیب نے وزارت داخلہ سے درخواست کی کہ نواز شریف سمیت خاندان کے باقی ارکان کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں جس کو وزارت داخلہ نے مسترد کر دیا۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف سمیت شریف خاندان کے متعدد ارکان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے پر نیب اور وزارت داخلہ میں تنازع شروع ہوگیا۔ نیب نے وزارت داخلہ سے نواز شریف، ان کے بیٹے حسن نواز اور حسین نواز، بیٹی مریم صفدر اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست کی تھی۔ اس درخواست کو شریف خاندان کے خلاف احتساب عدالت میں چلنے والے کرپشن کے کیسز کا فیصلہ آنے سے قبل ان کے ملک چھوڑ کر جانے کے خدشے کے پیش نظر وزارت داخلہ کو ارسال کیا گیا تھا۔

وزارت داخلہ کو ان افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنا تھے لیکن وزارت میں معاملات کو دیکھنے والوں نے شریف خاندان کے ارکان کے بیرون ملک جانے کی بات آنے پر تعاون سے انکار کر دیا۔

وزارت کی جانب سے نیب کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ شریف خاندان کے ارکان کا نام ای سی ایل میں صرف عدالت کی درخواست پر ڈالا جائے گا۔

دوسری جانب نیب حکام نے وزارت داخلہ کے پیش کیے گئے جواز کو تاخیری حربہ قرار دے دیا۔