سعودی عرب، یمن کے حوثی باغیوں نے جنگ بندی کیلئے مذاکرات کا راستہ اختیار کر لیا

ریاض: سعودی عرب اور یمن کے حوثی باغیوں نے جنگ بندی کیلئے کوششیں تیز کر دیں، مذاکرات کا ایک دور مکمل ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق یہ خفیہ مذاکرات سعودی سفارت کار اور حوثی باغیوں کے ترجمان محمد عبدالسلام کے درمیان یمن میں ہو رہے ہیں اور ان مذاکرات کا ایک دور مکمل بھی ہوچکا ہے۔ مذاکرات کے ذریعے بحران کے پائیدار حل کے لیے دونوں فریقین پُر اعتماد نظر آتے ہیں۔

تین سال سے جاری یمن میں خانہ جنگی کو رکوانے کے لیے سعودی حکام اور حوثی باغی سر جوڑ کر تو بیٹھ گئے ہیں لیکن سرکاری سطح پر کسی نے مذاکرات کے عمل پر کسی قسم کے تبصرے سے انکار کر دیا ہے لیکن تاحال مذاکرات کی تردید بھی سامنے نہیں آئی ہے۔

یاد رہے کہ یمن میں خانہ جنگی اور عرب ممالک کی فضائی کارروائیوں میں اب تک ہزاروں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔