پی ڈی ایم اجلاس سے قبل ن لیگ کا اجلاس،استعفوں پر مشاورت

پی ڈی ایم اجلاس سے قبل ن لیگ کا اجلاس،استعفوں پر مشاورت
کیپشن: پی ڈی ایم اجلاس سے قبل ن لیگ کا اجلاس،استعفوں پر مشاورت
سورس: file

اسلام آباد: پی ڈی ایم سربراہی اجلاس سے قبل مسلم لیگ ن کا مشاورتی اجلاس ہوا ۔ لانگ مارچ سے قبل استعفے دینے کے موقف پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔

اسلام اباد میں مسلم لیگ ن کے مشاورتی اجلاس کی صدارت  نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز  نے کی ۔اجلاس میں شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال،  رانا ثناء اللہ، مرتضی جاوید عباسی  سمیت دیگر مرکزی رہنما شریک ہوئے ۔

ذرائع کے  مطابق اجلاس میں ڈسکہ الیکشن پر سپریم کورٹ  میں کیس کی سماعت،الیکشن کمیشن اور نیب میں زیر سماعت مقدمات پر  مشاورت کی گئی ۔پی ڈی ایم اجلاس استعفوں کے موقف پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی ۔

واضح رہے کہ  جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیرصدارت پی  ڈی ایم  کا سربراہی اجلاس ہو رہا ہے۔ ‏اجلاس میں  نوازشریف،  آصف علی زرداری وڈیو لنک  کےذریعےشریک ہوں گے۔

‏پی  ڈی ایم اجلاس میں بلاول بھٹو ،  مریم نواز، محمود خان اچکزئی شرکت کریں گے ۔‏اجلاس میں چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ  انتخاب میں شکست کے بعدعملی پر مشاورت  کی جائے گی۔ چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں سات ووٹوں کو عدالت میں چیلنج کرنے کا بھی حتمی فیصلہ ہوگا ۔

‏پی  ڈی ایم اجلاس میں لانگ مارچ سے متعلق حکمت عملی طے کی جائے گی۔ مولانا فضل الرحمن اور مسلم لیگ ن اجلاس میں لانگ مارچ کے اختتام پر اسمبلیوں سے استعفے دینے کا مطالبہ کریں گے ۔مولانا فضل الرحمن پی ڈی ایم کے ووٹ مولانا عبدالغفور حیدری کو نہ ملنے پر بھی شکوہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پی پی پی سینیٹ الیکشن کے واقعات کے باوجود اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کی حامی نہیں۔ اجلاس میں لانگ مارچ کی منزل فیض آباد یا ڈی چوک کا فیصلہ کیا جائے گا۔اجلاس میں دھرنا کتنے دن رہے گا اس پر بھی فیصلہ ہوگا۔

واضح رہے کہ  پی ڈی ایم کا  لانگ مارچ 26 مارچ کو کراچی سے ایک عوامی اجتماع کے ساتھ شروع ہوگا، تمام جلوس 30 مارچ کی سہ پہر 3 بجے تک اسلام آباد پہنچیں گے۔ شرکاء کےاستقبال کے لیےفیض آباد پرمرکزی کیمپ ہوگاجب کہ روات چوک ،چھبیس نمبر چونگی اوربھارہ کہوہ میں بھی کیمپ لگائےجائیں گے ۔