نواز، زرداری ، فضل الرحمن رابطہ، فریقین لچک دکھائیں: سابق صدر

نواز، زرداری ، فضل الرحمن رابطہ، فریقین لچک دکھائیں: سابق صدر
کیپشن: نواز، زرداری ، فضل الرحمن رابطہ، فریقین لچک دکھائیں: سابق صدر
سورس: file

اسلام آباد:   پی ڈی ایم اجلاس سے قبل  مولانا فضل الرحمان، نوازشریف اور آصف زرداری کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔تینوں رہنماؤں نے اختلافی امور پی ڈی ایم اجلاس میں طے کرنے پر اتفاق کیا۔ 

 ذرائع کا بتانا ہےکہ آصف زرداری نے پی ڈی ایم اجلاس کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے فریقین کو لچک دکھانے پر زور دیا۔

اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اختلافی امور کو حل کرنے کا بہترین فورم پی ڈی ایم ہے  اور ہم پر بھاری ذمہ داری ہے ، ہمیں عوام کو مایوس نہیں کرنا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ  نوازشریف نے پی ڈی ایم کو کامیاب بنانے کے لیے اتفاق رائے سے فیصلے کرنے کی رائے دی ۔آصف زرداری نے استعفوں سمیت تمام امور پر ایک دوسرے کا مؤقف کھلے دل سے سننے پر زور دیا۔

ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے کہا کہ حکمرانوں کی ناعاقبت اندیشی ملکی سیاست کو ناقابل تلافی نقصان پہنچارہی ہے،  پی ڈی ایم کا اتحاد حکمرانوں کے اوچھے ہتھکنڈوں کا مل کر مقابلہ کرے گا۔

دریں اثنا پی ڈی ایم سربراہی اجلاس سے قبل مسلم لیگ ن کا مشاورتی اجلاس بھی ہوا ۔ لانگ مارچ سے قبل استعفے دینے کے موقف پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔  اجلاس کی صدارت  نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز  نے کی ۔اجلاس میں شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال،  رانا ثناء اللہ، مرتضی جاوید عباسی  سمیت دیگر مرکزی رہنما شریک ہوئے ۔

ذرائع کے  مطابق اجلاس میں ڈسکہ الیکشن پر سپریم کورٹ  میں کیس کی سماعت،الیکشن کمیشن اور نیب میں زیر سماعت مقدمات پر  مشاورت کی گئی ۔پی ڈی ایم اجلاس استعفوں کے موقف پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی ۔

پی ڈی ایم کا اجلاس بھی کچھ دیر بعد شروع ہوگا جس  میں لانگ مارچ سے متعلق حکمت عملی طے کی جائے گی۔ مولانا فضل الرحمن اور مسلم لیگ ن اجلاس میں لانگ مارچ کے اختتام پر اسمبلیوں سے استعفے دینے کا مطالبہ کریں گے ۔مولانا فضل الرحمن پی ڈی ایم کے ووٹ مولانا عبدالغفور حیدری کو نہ ملنے پر بھی شکوہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پی پی پی سینیٹ الیکشن کے واقعات کے باوجود اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کی حامی نہیں۔ اجلاس میں لانگ مارچ کی منزل فیض آباد یا ڈی چوک کا فیصلہ کیا جائے گا۔اجلاس میں دھرنا کتنے دن رہے گا اس پر بھی فیصلہ ہوگا۔

واضح رہے کہ  پی ڈی ایم کا  لانگ مارچ 26 مارچ کو کراچی سے ایک عوامی اجتماع کے ساتھ شروع ہوگا، تمام جلوس 30 مارچ کی سہ پہر 3 بجے تک اسلام آباد پہنچیں گے۔ شرکاء کےاستقبال کے لیےفیض آباد پرمرکزی کیمپ ہوگاجب کہ روات چوک ،چھبیس نمبر چونگی اوربھارہ کہوہ میں بھی کیمپ لگائےجائیں گے ۔