وزیراعظم سے شیخ رشید کی ملاقات، اپوزیشن کے ممکنہ دھرنے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

 وزیراعظم سے شیخ رشید کی ملاقات، اپوزیشن کے ممکنہ دھرنے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
کیپشن: وزیراعظم سے شیخ رشید کی ملاقات، اپوزیشن کے ممکنہ دھرنے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے وزیر داخلہ شیخ رشید نے دورہ قطر سے واپسی پر اہم ملاقات کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم اور شیخ رشید کے درمیان ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے احتجاج پر گفتگو بھی کی گئی۔ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی ملاقات میں ممکنہ دھرنے کی صورت میں حکومتی تیاریوں پر بھی بات چیت کی گئی۔

دوسری جانب حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کا سربراہی اجلاس مولانا فضل الرحمان کی زیر قیادت شروع ہو گیا ہے۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سمیت پی ڈی ایم جماعتوں کے رہنما شریک ہیں۔

اجلاس میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہیں جب کہ پیپلزپارٹی کا وفد بھی پی ڈی ایم اجلاس میں شریک ہے۔ پیپلز پارٹی کے وفد میں راجہ پرویز اشرف، شیریں رحمان اور یوسف رضا گیلانی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ آج پی ڈی ایم کا آج ہنگامی اجلاس بلایا گیا ہے جس اسمبلیوں اسے استعفوں کے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس مسلم لیگ ن کی میزبانی میں ہو رہا ہے۔ اجلاس میں آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔

مولانا فضل الرحمٰن اسمبلیوں سے استعفوں کے شدید حامی ہیں جبکہ پیپلز پارٹی فوری استعفوں کی مخالفت کر رہی ہے۔ سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ اگر ہم پارلیمنٹ سے استعفے نہیں دیتے تو شاید لانگ مارچ کی افادیت نہ ہو۔ آج پی ڈی ایم اجلاس میں لانگ مارچ کے حوالے سے حتمی حکمت عملی طے ہوگی۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سیاسی فیصلہ کرکے ہی ہم حکومت کو سیاسی نقصان پہنچا سکتے ہیں، پی ڈی ایم کے اجلاس میں اپنی تجویز لے کر جائیں گے۔