نواز شریف کسی قیمت میں ملک واپس نہیں آئیں گے، شیخ رشید

نواز شریف کسی قیمت میں ملک واپس نہیں آئیں گے، شیخ رشید
کیپشن: نواز شریف کسی قیمت میں ملک واپس نہیں آئیں گے، شیخ رشید
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف کسی قیمت میں ملک واپس نہیں آئیں گے اور اگر وہ پاکستان واپس آنا چاہیں تو انہیں سرٹیفکیٹ جاری ہو سکتا ہے۔ 

وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا مولانا فضل الرحمان اور مریم نواز کو آج فیصلہ کرنا ہو گا جبکہ آصف زرداری نے نواز شریف کو استعفے نہ دینے کا پیغام بھیجا۔ مسلم لیگ (ن) اور فضل الرحمان اگر آگے جاتے ہیں تو انہیں سوچنا ہو گا جبکہ ابھی مولانا فضل الرحمان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کھڑے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان سے تفصیلی ملاقات ہوئی ہے اور وہ کسی صورت این آر او نہیں دیں گے جبکہ عمران خان کسی جھکاؤ، لچک یا این آر او کے موڈ میں نہیں ہیں جبکہ مریم اور بلاول وہی کہیں گے جو انہیں فیڈ کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سینیٹ الیکشن میں عمران خان نے جتنا سوچا تھا اس سے کہیں زیادہ پیسے کی خریدوفروخت ہوئی اور میرے پاس 8 کروڑ سے خریدنے کی اطلاع تھی جبکہ عمران خان کے پاس 30 سے 40 کروڑ فی ووٹ خریدنے کی اطلاع تھی۔ شیخ رشید نے کہا کہ پولیٹیکل پارٹیز کی کمیٹی کل بیٹھے گی اس میں فیصلے ہوں گے اور اگر کوئی ایسا وقت آیا تو حکومت بھی جوڈو کراٹے کیلئے تیار ہے۔ 

خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میاں صاحب پلیز پاکستان تشریف لائیں۔ نواز شریف اگر جنگ کے لئے تیار ہیں تو لانگ مارچ ہو یا عدم اعتماد کا معاملہ انہیں وطن واپس آنا ہوگا۔ اسمبلیوں کو چھوڑنا عمران خان کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے اور ہم پہاڑوں پر سے نہیں بلکہ پارلیمان میں رہ کر لڑتے ہیں۔

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ یہ پہلی بار نہیں ہوا کہ جمہوری قوتوں نے دھاندلی کا سامنا کیا ہے اور میں نے اپنی زندگی کے 14 برس جیل میں گزارے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سابق صدر کا کہنا تھا کہ ہمیں لانگ مارچ کی ایسی ہی منصوبہ بندی کرنا ہوگی کہ جیسے 1986 اور 2007 میں شہید بی بی کی آمد پر کی تھی۔ مجھے کسی کا کوئی ڈر نہیں۔ تاہم جدوجہد ذاتی عناد کے بجائے جمہوری اداروں کے استحکام کی جدوجہد کیلئے ہونا چاہیے۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے سینیٹ انتخابات لڑے اور سینیٹر اسحاق ڈار ووٹ ڈالنے نہیں آئے، میاں صاحب، آپ کیسے عوامی مسائل حل کریں گے؟ آپ نے اپنے دور میں تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا، میں نے اپنے دور میں تنخواہوں میں اضافہ کیا۔