نواز شریف سمجھتے ہیں میں تو سسٹم سے باہر ہی ہوں باقی بھی نکل جائیں‘ اسد عمر

Asad Umar,PDM,Nawaz Sharif,Zardari,MArryam Nawaz,PMLN,PPP

لاہور:نواز شریف زرداری اور زرداری نواز شریف کو استعمال کرنے کی کوشش کررہے ہیں،نواز شریف پاکستان آنے کو تیار نہیں، لندن میں بیٹھ کر ہوا کھا رہے ہیں، وہ سمجھتے ہیں میں تو سسٹم سے باہر ہی ہوں باقی بھی نکل جائیں،پی ڈی ایم اتحاد کا شیرازہ بکھرنا اٹل ہے اوراس کا  آغازہوچکاہے ۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہاکہ نواز شریف پاکستان آنے کو تیار نہیں اور لندن میں بیٹھ کر ہوا کھا رہے ہیں، وہ سمجھتے ہیں میں تو سسٹم سے باہر ہی ہوں باقی بھی نکل جائیں۔پی ڈی ایم والے موٹروے پر چلنے والی گاڑیوں کے ان مسافروں کی طرح ہیں جن کی منزل ایک نہیں ہے، نواز شریف زرداری اور زرداری نواز شریف کو استعمال کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔چیئرمین سینیٹ منتخب ہوچکے ہیں اب انہیں کچھ ملنا نہیں اس لیے کھل کر بات کررہے ہیں، پچھلی بار بھی یہ آئے تھے مگر پیپلزپارٹی نے سڑکوں پر آنے سے منع کردیا تھا، نواز شریف لندن میں بیٹھ کر پاکستان کی فوج سے ٹکرانے کی بات کرتے ہیں، عوام ان کے ساتھ نہیں ہے ان کے پاس کوئی اخلاقی جواز نہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ نواز شریف کی جیب سے کچھ نہیں جائے گا وہ صرف لڑانا چاہتے ہیں، سسٹم ٹوٹے گا تو بھی نواز شریف کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا ہمارا مقصد پاکستان کی عوام کے لیے بہتر کام کرنا ہے، اسمبلی میں آئین سازی کے لیے ہم ہمیشہ سے تیار رہے ہیں، آئینی ترامیم کے لیے دیگر جماعتوں کی ضرورت پڑ سکتی ہے، سیاست میں مفاہمت ہوسکتی ہے اور ہونی بھی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جرم اور سیاست میں فرق ہوتا ہے، جرم کی معافی نہیں ہوسکتی، فٹیف قوانین پر اپوزیشن نے کہا کہ این آر او ملنے تک بات نہیں کریں گے، ہمارے دروازے کل بھی کھلے تھے آج بھی کھلے ہیں، قانون سازی کے لیے کل نہیں ہم آج ہی بیٹھنے کو تیار ہیں۔

 ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے مفادات کی اپنی اپنی فریکونسی ہے اور اتحاد کی بیل کبھی منڈھے نہیں چڑھے گی ، پی ڈی ایم کے اتحاد میں دال جوتیوں میں بٹ رہی ہے ، حکومت کوگھربھیجنے کے خواب دیکھنے والا اپنا اتحاد گھر جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز  شریف اوران کی صاحبزادی بند گلی میں داخل ہونے کے بعد حواس باختہ ہو چکے ہیں اسی وجہ سے اپوزیشن اتحاد والے بھی ان کے ساتھ چلنے کے لئے تیار نہیں۔

دوسری طرف وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نوازشریف کا پاسپورٹ زائد المیعاد  ہوچکا ہے اس لیے وہ کسی قیمت پر بھی پاکستان نہیں آسکتے۔تاہم اگر نوازشریف وطن واپس آنا چاہیں تو حکومت خصوصی سرٹیفکیٹ جاری کرسکتی ہے۔پاسپورٹ زائد المیعاد ہونے کی وجہ سے نوازشریف دنیا کے کسی بھی ملک سفر نہیں کرسکتے۔