کورونا وائرس، خیبرپختونخواہ کے 9 اضلاع میں سکول بند کرنے کا فیصلہ

کورونا وائرس، خیبرپختونخواہ کے 9 اضلاع میں سکول بند کرنے کا فیصلہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے باعث پشاور، چارسدہ، مردان، صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ، مالاکنڈ، سوات اور لوئر دیر میں سکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں کورونا وباءکی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبے کے نو اضلاع میں سکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا جن میں پشاور، چارسدہ، مردان، صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ، ملاکنڈ، سوات اور دیر لوئر شامل ہیں۔ 
ذرائع کے مطابق اجلاس میں طے کیا گیا کہ جن اضلاع میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد سے زیادہ ہوگی وہاں سکولوں کو بند کیا جائے گا۔ اجلاس میں ڈیرہ جات فیسٹیول اور جیپ ریلی منعقد کرنے کی مشروط اجازت دیتے ہوئے کہا گیا کہ شرکاءکورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں ورنہ پروگرامز بند کردئیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت کورونا وباءکے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے، نئی لہر تشویشناک ہے، عوام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرتے ہوئے اپنا اور اپنے پیاروں کا خیال رکھیں تاکہ وہ اس موذی وباءسے بچ سکیں۔