سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد کے دل کا آپریشن کامیاب

سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد کے دل کا آپریشن کامیاب
سورس: File photo

لاہور، سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد کے دل میں دواسٹنٹ ڈال دیئے گئے 

سرکاری ذرائع کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد کو دل کا دورہ پڑنے کے  باعث ہسپتال لایا گیا تھا جہاں ان کا چند روز سے علاج جاری تھا۔ 

حکام کاکہنا ہے کہ توصیف احمد کے دل میں دو اسٹنٹ ڈال دیئے گئے ہیں اب ان کی حالت بہتر ہے۔ 

 سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد کو اتوار کے دن لاہور میں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے دوران دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد انہیں ہسپتال  منتقل کردیا گیا تھا۔

عالمی شہرت یافتہ آف اسپنر توصیف احمد شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے کراچی سے لاہور آئے تھے۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں زیر علاج  توصیف احمد کے دل میں منگل کے دن دو اسٹنٹ ڈالے گئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد کے علاج پر آنے والے تمام اخراجات اٹھانے کا بھی اعلان کیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق توصیف احمد پاکستان کرکٹ کا اثاثہ ہیں اور بورڈ ان کے ساتھ مستقلاً رابطے میں ہے۔ پی سی بی کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ جب تک توصیف احمد سفر کے قابل نہیں ہوتے اس وقت تک انہیں نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں رکھا جائے گا۔