حکومت عوام کو بتائے دہشت گردی کے باوجود عمران خان کی پشت پناہی کون کر رہا ہے؟ : بے محکمہ وفاقی وزیر جاوید لطیف 

حکومت عوام کو بتائے دہشت گردی کے باوجود عمران خان کی پشت پناہی کون کر رہا ہے؟ : بے محکمہ وفاقی وزیر جاوید لطیف 
سورس: File

اسلام آباد: بے محکمہ وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ گذشتہ آٹھ ماہ سے پاکستان میں ریاستی اداروں اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کیاجارہاہے جو انتہائی افسوناک ہے ۔ آج پوری قوم مطالبہ کررہی ہے کہ 2017کا پاکستان اور نواز شریف واپس دو ،جنہوں نے 2017میں سازش کی ان کو پکڑا جائے۔

 نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا کہ عمران خان حالات کو خراب کررہے ہیں، نوازشریف کے کیسزکو6،6سال ہوگئے، نہیں سنا جارہا، 6گھنٹے میں عمران خان کی خواہش کے مطابق فیصلے آرہے ہیں،زمان پارک میں ایک تماشااور سرکس لگاہے،کونسی رکاوٹیں ہیں جو عمران پرہاتھ نہیں پہنچنے دے رہیں،عمران خان بین الاقوامی سازش کا حصہ بنا ہوا ہے۔آج جو کچھ زمان پارک میں ہو رہا ہے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے ، زمان پارک میں ریاستی اداروں کو چیلنج کیا گیا ۔

زمان پارک میں بیٹھے شخص کو سہولتیں کون فراہم کر رہا ہے ؟ سازشی کو کڑی سزا نہیں دو گے تو یہ چیزیں کس طرح رکیں گی ،کون سی قوتیں ہیں جو آج بھی عمران خان کو سہولت دے رہی ہیں ؟ انہوں نےکہا کہ قومی مفاد میں یہی ہے کہ سب کچھ بتا دیا جائے ۔ یاسمین راشد سے گفتگو کے حوالے سے عوام کو بتایا جائے کہ صدر کس سے بات کر چکے ہیں۔ 9 ماہ کے دوران جو کچھ ہوا سب بتایا جائے۔ 

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شوکت صدیقی کے سالوں پرانے کیسز سنے نہیں جا رہے ، پاکستان کا محسن نواز شریف آج بھی جکڑا ہوا ہے ۔کیا ہم نے ریاستی اداروں پر حملے کئے تھے ریاستی اداروں کی رٹ کو چیلنج کیا جانا افسوسناک ہے۔

جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان کے 3 ٹکڑے کرنا چاہتا ہے، امپورٹڈ حکومت کا الزام لگاکر اب خود زلمے خلیل زاد سے ٹوئٹ کرواتا ہے، ایسے غداروں کو کڑی سزا نہیں دیں گے تو سازشیں کیسے رکیں گی. ایک صوبے کی پولیس دوسرے صوبے کی پولیس کے سامنے کھڑی ہے،ہماری اطلاعات کے مطابق زمان پارک میں جیلوں سے نکلے دہشت گرد موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں ان اداروں سےمخاطب ہوں جنہوں نے الطاف حسین کو گود لینے کےبعد عمران خان کو گود لیا اور تمام وسائل استعمال کرکےاسے اتنا طاقتور بنادیا کہ آج وہ بھی وہی کر رہا ہے جو الطاف حسین نےطاقت لینے کےبعد کیا تھا کراچی کوجناح پور بناناچاہتا تھا آج یہ بھی پاکستان کےتین ٹکڑوں کی بات کر رہا ہے۔