آئی ایم ایف سے معاہدے میں تاخیر کیوں ہو رہی ہے؟ اسحاق ڈار نے بتا دیا

آئی ایم ایف سے معاہدے میں تاخیر کیوں ہو رہی ہے؟ اسحاق ڈار نے بتا دیا

اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) دوست ممالک کی جانب سے پاکستان کی سپورٹ کیلئے کئے گئے وعدوں کو مکمل کرنے کا کہہ رہا ہے اور معاہدے میں تاخیر کی وجہ بھی یہی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس میں بیان دیتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے اس بار بات چیت غیرمعمولی ہے کیونکہ ان کے مطالبات بہت زیادہ ہیں، ہم نے ہر چیز مکمل کر لی ہے، جیسے ہی آئی ایم ایف سے سٹاف لیول معاہدہ ہوگا ویب سائٹ پر ڈال دیا جائے گا۔
اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ قومی مفاد کا تحفظ کرنا ہے، نیوکلیئر یا میزائل پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، کسی کو حق نہیں کہ پاکستان کو بتائے کہ وہ کس رینج کے میزائل یا ایٹمی ہتھیار رکھے۔
دوسری جانب وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈی جی کے دورے کو منفی رنگ دیا جا رہا ہے، پاکستان کا ایٹمی اور میزائل پروگرام کسی بھی دباؤ سے ماورا اور آزاد ہے۔
وزیرا عظم کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی اور میزائل پروگرام مکمل طور پر محفوظ، فول پروف اور قومی اثاثہ ہے، ریاست پاکستان ہر طرح سے پروگرام کی حفاظت کی ذمہ دار ہے۔

مصنف کے بارے میں