پاکستان میں ای کامرس میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں: وزیراعظم

پاکستان میں ای کامرس میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں: وزیراعظم

بیجنگ : وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے دورے کے دوران چین کے صوبے ژی جیانگ کے شہر ہینگ ژو میں ای کامرس کمپنی علی بابا کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔چیئرمین جیک مانے نے ان کا استقبال کیا اور  انہیں کمپنی کی تاریخ اور اس کے دائرہ کار کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کمپنی کی کارکردگی اور ای کامرس کے شعبے میں کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا پاکستان میں ای کامرس کے شعبے میں سرمایہ کاروں کیلئے وسیع مواقع ہیں کیونکہ ای کامرس کے ذریعے وقت کی بچت اور معلومات تک آسان رسائی ممکن ہوتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا  موجودہ دور میں ای کامرس کسی بھی معیشت کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور ہمارا مقصد عوام کو بااختیار بنانا اور معیشت کو مضبوط کرنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا  پاکستان ایک ابھرتی معیشت ہے حکومت عوام کی خوشحالی کیلئے کوشاں ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے مزید کہا کہ جنوری میں علی باباگروپ کے چیئرمین سے ہونے والی ملاقات مفیدثابت ہوئی۔ گروپ کے ایگزیکٹو چیئرمین کی خدمات قابل تعریف ہیں۔اس موقع پرکمپنی کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے گئے پاکستان کی طرف سے وزیر تجارت خرم دستگیر نے دستخط کئے  اور وزیراعظم بھی  تقریب میں موجود تھے۔

1e69587c810b934cdf1b6c1c79b7936c

اس سے پہلے وزیراعظم نے ہانگ زو میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے سیکرٹری چی جون نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ چی جون کی جانب سے وزیراعظم کو زی جیانگ صوبے کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی فولاد سے مضبوط اور ہمالیہ سے بلند ہے اور سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ ویژن کا فلیگ شپ منصوبہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبہ زی جیانگ کے پاکستان کے ساتھ مضبوط کاروباری تعلقات ہیں جب کہ پاکستان اور چین عوام کی خوشحالی کے لیے ایک ساتھ کھڑے ہیں۔ سیکرٹری سی پی سی کمیٹی چی جون نے کہا کہ پاک چین تعلقات مشترکہ تاریخ اور ثقافت پر مبنی ہیں اور دونوں ممالک میں معاشی شعبوں میں تعلقات بڑھانے چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ چی جون نے کہا کہ زی جیانگ معاشی حب اور تاریخی طور پر سلک روٹ کا حصہ ہے جب کہ پچھلے سال زی جیانگ نے ساڑھے تین ارب ڈالر کا کاروبار کیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں