سعودی عرب میں پہلی بار ایک خاتون ایئرپورٹ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات

سعودی عرب میں پہلی بار ایک خاتون ایئرپورٹ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات

ریاض: سعودی عرب کی تاریخ میں گزشتہ چند سال میں کئی تاریخی اور اہم واقعات رونما ہو رہے ہیں، ان میں سے ایک پہلی بار ایئرپورٹ انتظامیہ کے اعلیٰ عہدے پر ایک خاتون کی تعیناتی بھی ہے۔سعودی عرب میں پہلی بار ایک خاتون کو ایئرپورٹ کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کیا گیا۔اس سے پہلے رواں برس ہی پہلی بار خواتین کو کاروباری اداروں کے اعلیٰ عہدوں پر تعینات کیا گیا تھا۔
سعودی گزٹ کے مطابق ہند الزاہد نامی خاتون کو دمام ایئرپورٹ پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کرنے سمیت اسے ایئرپورٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹر کا ممبر بھی مقرر کیا گیا۔ہند الزاہد کو اعلیٰ عہدے پر تعیناتی کی منظوری وزیر ٹرانسپورٹ اور جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (جی اے سی اے) کے سربراہ سلیمان الحمدان نے ایک اجلاس کے دوران دی۔
اس سے پہلے ہند الزاہد سعودی عرب کے مشرقی صوبے الشرقیہ کے چیمبر آف کامرس کے بزنس وومین سینٹر کی سربراہ تھیں، وہ اس عہدے پر 2009 میں تعینات ہوئیں۔انہوں نے نجی و سرکاری اداروں میں کاروباری خواتین کو بااختیار بنانے اور خواتین کے اندر کاروباری مہم جوئی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لے ہمیشہ مہم برقرار رکھی۔
ہند الزاہد 2008 سے 2016 تک وومین اکانامک فورم کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر بھی رہیں، جب کہ وہ فوربز میگزین کی بااثر ترین خواتین کی فہرست میں بھی جگہ بنا چکی ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں