"ڈی ایچ اے سٹی لاہور" اسکینڈل، نیب نے 1300 کنال اراضی قبضے میں لے لی

لاہور: نیب لاہور کے زیر تفتیش 15 ارب سے زائد کے "ڈی ایچ اے سٹی لاہور" سکینڈل میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ نیب لاہور نے ڈی ایچ اے سٹی لاہور کی 1300 کنال اراضی قبضے میں لے لی۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ گلوبیکو کمپنی کے نام 1300 کنال اراضی شہریوں کو فراہم کرنے کے لئے عدالت ہدایت جاری کرے گی۔ ڈی ایچ اے سکینڈل میں یہ اراضی  مرکزی ملزم حماد ارشد اور مراد ارشد کی ملکیت تھی۔

عدالتی حکم کے بعد اراضی 10 ہزار 500 شہریوں کو دستاویزات کی تصدیق کے بعد حوالے کرے گا۔ نیب ذرائع کے مطابق سابق آرمی چیف کے بھائی کامران کیانی کو انٹر پول کے ذریعے پاکستان لانے کے لئے ایک بار پھر خط لکھنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے ڈی ایچ اے لاہور نے ڈی ایچ اے سٹی پراجیکٹ کیلئے ایک کمپنی گلوبیکو پرائیویٹ لمیٹڈ (اب اورنج ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ) کے ساتھ اس پراجیکٹ کیلئے زمین مہیا کرنے اور اس پر ترقیاتی کام کرانے کے حوالے سے معاہدہ کیا جس کے تحت 11715 ممبران کو پلاٹ دیئے جانے تھے جبکہ 14600 پلاٹ شہداء کے ورثاء کو ملنے تھے۔

اس مد میں 17 ارب روپے اکٹھے کئے گئے۔ اورنج ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ نے اربوں روپے اکٹھے کئے مگر زمین مہیا نہ کی اور اس حوالے سے ٹال مٹول کرتے رہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں