وزیر اعلیٰ سندھ نے مصطفیٰ کمال کو بانی ایم کیو ایم ٹو قرار دیدیا

وزیر اعلیٰ سندھ نے مصطفیٰ کمال کو بانی ایم کیو ایم ٹو قرار دیدیا

کراچی: وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا چاروں وزرائے اعلیٰ کی آمد پر چینی صدر نے خوشی کا اظہار کیا اور ہم کراچی کے تین منصوبے لے کر گئے تھے جبکہ منصوبوں میں کراچی سرکلر ریلوے بھی شامل ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیر خزانہ نے چین میں اجلاس میں ہمیں سپورٹ کیا اور چینی صدر کو منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق آگاہ کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کوشش ہے کہ ستمبر میں کراچی سرکلر ریلوے کا سنگ بنیاد رکھ دیں اور کراچی کے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا ون روڈ ون بیلٹ سی پیک منصوبے کا ایک چھوٹا سا حصہ ہے لیکن ہم نے جوائنٹ ورکنگ گروپ کا اجلاس بلانے کی تجویز دی ہے اور اس اجلاس کی میزبانی کرنے کیلئے بھی تیار ہیں۔ ون بلیٹ ون روڈ سے 64 ممالک ایک دوسرے سے جوڑیں گے جبکہ یہ ہم پر منحصر ہے کہ چینی لیبر کو آنے دیں یا اپنے لوگوں کی تربیت کریں۔

مراد علی شاہ نے گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا عدالت نے کہا ہے رہائشی علاقوں سے گڈز کی گاڑیاں نہ گزریں ہم عدالت کے اس حکم نامے پر نظرثانی کی درخواست دائر کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا احتجاج کرنا سب کا جمہوری حق ہے اور پی ایس پی نے ایف ٹی سی تک ریلی کی اجازت لی تھی۔ سی ایم ہاؤس میں اکیلا نہیں رہتا اطراف میں اور لوگ بھی رہتے ہیں۔ پی ایس پی نے میڈیا میں کہا کہ وزیراعلیٰ ہاؤس تک جائیں گے اور یہ لوگ وزیراعلیٰ ہاؤس تک آتے تو کتنے لوگ متاثر ہوتے یہ ناقابل قبول ہے۔ وزیراعلی سندھ نے مصطفیٰ کمال پر تنقید کرتے ہوئے کہا یہ زبان استعمال کرنا بند کر دیں کیونکہ یہ بانی ایم کیو ایم ٹوبن رہا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں