چیئرمین نیب کی کمیٹی کے سامنے پیشی سے معذرت

چیئرمین نیب کی کمیٹی کے سامنے پیشی سے معذرت
کیپشن: چیئرمین نیب نے منی لانڈرنگ کے الزام پر قائمہ کمیٹی میں طلب کیے جانے پر آج پیشی سے معذرت کر لی۔۔۔فوٹو/ بشکریہ ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: چیئرمین نیب نے نواز شریف پر 4.9 ملین ڈالر  کی بھارت منی لانڈرنگ کے الزام پر قائمہ کمیٹی میں طلب کیے جانے پر آج پیشی سے معذرت کر لی تاہم کمیٹی نے ان کی معذرت مسترد کر دی۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے گزشتہ روز رکن قومی اسمبلی رانا حیات کی جانب سے اٹھائے گئے نکتہ اعتراض کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین نیب کو آج کے لیے طلب کیا تھا۔

 مزید پڑھیں: میر ظفراللہ جمالی کا قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان

قائمہ کمیٹی کا اجلاس دوپہر ڈھائی بجے ہو گا جس میں چیئرمین نیب کو ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر معاملے پر بریف کرنے اور اپنے ساتھ متعلقہ افسران کو لے کر آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب آفس کی جانب سے قومی اسمبلی کو آگاہ کیا گیا ہے کہ چیئرمین نیب نے آج کمیٹی کے سامنے پیش ہونے سے معذرت کر لی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ چیئرمین نیب کی جانب سے جواب دیا گیا ہے کہ کمیٹی میں پیش ہونے کا نوٹس آج صبح موصول ہوا۔ پہلے سے میٹنگز اور مصروفیات کا شیڈول طے تھا لہٰذا کمیٹی میں پیش ہونے کے لیے مناسب وقت دیا جائے۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی معذرت قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔

یہ بھی پڑھیں: چند گھنٹوں میں بجلی کی صورتحال بہتر ہو جائے گی، اویس لغاری

کمیٹی کی جانب سے معذرت مسترد کیے جانے کے بعد چیئرمین نیب کمیٹی میں پیشی سے متعلق کچھ دیر میں قومی اسمبلی کو آگاہ کریں گے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ قائمہ کمیٹی نے نیب آفس کے ساتھ خط و کتابت اور چیئرمین نیب کی جانب سے الزامات کا ریکارڈ اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوا دیا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں