اصغر خان کیس: سابق آرمی چیف اسلم بیگ ایف آئی اے کمیٹی کے سامنے پیش

اصغر خان کیس: سابق آرمی چیف اسلم بیگ ایف آئی اے کمیٹی کے سامنے پیش
کیپشن: image by face book

اسلام آباد: اصغر خان کیس میں سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ مرزا اسلم بیگ ایف آئی اے کی 5 رکنی کمیٹی کے سامنے پیش ہو گئے۔

سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ مرزا اسلم بیگ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی پانچ رکنی کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے۔ کمیٹی نے ان سے آئی جے آئی بنانے اور رقوم کی تقسیم پر سوالات کئے۔

ذرائع کے مطابق اس موقع پر سابق آرمی چیف کا بیان ریکارڈ کیا گیا۔ اسلم بیگ ایک گھنٹے سے زائد تک کمیٹی کے سامنے رہے اور بیان ریکارڈ کروانے کے بعد واپس روانہ ہو گئے۔ سابق ڈی جی آئی ایس آئی اسد درانی کا بھی آج بیان ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ ایف آئی اے نے اصغر خان کیس کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ احکامات کی روشنی میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جس کے سربراہ ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے احسان صادق ہیں۔ کمیٹی کو جلد از جلد انکوائری مکمل اور پیشرفت رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کمیٹی کے دیگر ممبران میں ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، ڈائریکٹر امیگریشن ڈاکٹر رضوان، طارق نواز ملک ڈائریکٹر انٹرپول اور علی شیر جھاکرانی ڈائریکٹر لا شامل ہیں۔

کمیٹی ایسے تمام سیاستدانوں اور افراد سے تحقیقات کرے گی جن پر الزام ہے کہ انہوں نے 1990ء کے انتخابات میں مبینہ طور پر پیپلز پارٹی کا راستہ روکنے کے لیے آئی جے آئی کے نام سے سیاسی اتحاد بنایا تھا۔ اتحاد میں شامل سیاستدانوں میں خفیہ ایجنسیوں نے پیسے بانٹے اور الیکشن میں دھاندلی کے ذریعے نتائج پر اثر انداز ہوئے۔

سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت پر سابق آرمی چیف اسلم بیگ اور آئی ایس آئی ایس کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ اسد درانی کی نظر ثانی درخواستیں خارج کرتے ہوئے حکام کو اب تک کے اقدامات سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔