ملک بھر کے تمام یوٹیلٹی اسٹورز پر سستی اشیاء کی فروخت شروع

ملک بھر کے تمام یوٹیلٹی اسٹورز پر سستی اشیاء کی فروخت شروع
کیپشن: image by face book

رمضان المبارک کے پیش نظر ملک بھر میں قائم تمام یوٹیلٹی اسٹورز پر دستیاب ایک ہزار سے زائد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کردی گئی۔


یوٹیلٹی اسٹورز پر حکومت کی جانب سے ایک ارب 73 کروڑ روپے کی سبسڈی کے رمضان پیکج پر عملدرآمد شروع ہوگیا جس کے تحت مارکیٹ کے مقابلے میں اشیاء ضروریہ 5 سے 10 فیصد کم قیمت پر دستیاب ہیں۔

تمام یوٹیلٹی اسٹورز پر فی کلو چینی 51 روپے میں دستیاب ہے جب کہ مارکیٹ میں چینی کی قیمت 56 روپے فی کلو ہے، دال چنا پر 25 روپے سبسڈی دی گئی ہے جس کے بعد یہ 120 کے بجائے 95 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔

اسی طرح دال مونگ 90، دال ماش 105، دال مسور 80 روپے فی کلو میں فروخت کی جارہی ہے جب کہ مارکیٹ میں ان دالوں کی قیمت بالترتیب 115، 140 اور 115 ہے۔

ملک بھر کے تمام یوٹیلٹی اسٹورز پر سفید چنے 140، بیسن 120، کھجور (آدھا کلو) 75 روپے فی پیکٹ، سپر باسمتی چاول 110 روپے، سیلا چاول 115 روپے اور ٹوٹا چاول 63 روپے فی کلو میں فروخت کیے جارہے ہیں۔

چائے (950 گرام لپٹن) مارکیٹ میں 840 روپے فی پیکٹ میں دستیاب ہے جب کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر اس پر 84 روپے سبسڈی دی گئی ہے جس کے بعد 950 گرام لپٹن کا پیکٹ 756 روپے میں دستیاب ہے جب کہ ٹپال چائے کا 950 گرام کا پیکٹ 761 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے جس پر 79 روپے سبسڈی دی گئی ہے۔

مصالحہ جات کی قیمتوں پر 10 فیصد، آٹے کے 20 کلو کے تھیلے پر 80 روپے، مختلف برانڈز کے گھی پر 15 روپے اور مختلف برانڈز کے کوکنگ آئل پر 10 روپے فی لیٹر تک کی خصوصی بچت دی گئی ہے۔