حکومت مخالف احتجاج کیلئے نواز شریف نے پارٹی کو اجازت دیدی

حکومت مخالف احتجاج کیلئے نواز شریف نے پارٹی کو اجازت دیدی
کیپشن: مسلم لیگ ن اب مہنگائی پر مزید خاموش نہیں رہے گی، نواز شریف۔۔۔۔۔۔فوٹو/ مسلم لیگ ن فیس بُک پیج

لاہور: نواز شریف نے پارٹی کو عید کے بعد حکومت مخالف احتجاج کی اجازت دیدی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ کوٹ لکھپت جیل میں پارٹی رہنماؤں نے ملاقات کی۔ اس موقع پر نواز شریف نے موجودہ حالات میں حکومتی پالیسیوں اور ملکی بگڑتی معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا آئی ایم ایف کے پیکچ کے بعد ڈالر کی قیمت میں اضافہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔ مہنگائی کے طوفان میں عام آدمی مرنے پر آ چکا ہے اور پیٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے ، روپے کی قدر میں کمی سے نقصان صرف پاکستان کا ہوا ہے۔

نواز شریف سے ملاقات میں پارٹی کے کارکنان نے ملکی پالیسیوں پر احتجاجی مظاہروں کا اظہار کیا۔ نواز شریف نے حکومت کے خلاف احتجاجی پالیسی بنانے کیلئے پارٹی کی سنئیر لیڈرشپ کو ذمہ داری سونپ دی اور کہا کہ فوری طور پر مرکزی و صوبائی قیادت احتجاجی لائحہ عمل مرتب کرے۔ مسلم لیگ ن اب مہنگائی پر مزید خاموش نہیں رہے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے عوام کے ساتھ جو رویہ اپنایا ہے وہ کسی صورت قبول نہیں جبکہ اخبارات میں مہنگائی اور ڈالر کی اڑان کا پڑھ کر بہت پریشان ہوتا ہوں۔ آج اوپن مارکیٹ میں فارن کرنسی نہیں مل رہی اور ہماری بدقسمتی ہے ہم نے ڈالر کی قیمت کو مستحکم رکھا اور ملک میں ترقی کا پہیہ چلایا۔