کورونا ویکسین پر امریکہ کا پہلا حق قرار دیے جانے پر فرانسیسی حکومت برہم

کورونا ویکسین پر امریکہ کا پہلا حق قرار دیے جانے پر فرانسیسی حکومت برہم

پیرس: فرانسیسی دوا ساز کمپنی سنوفی کے سربراہ کی جانب سے کورونا ویکسین پر سب سے پہلا حق امریکہ کا قرار دیے جانے پر فرانسیسی حکومت نے برہمی کا اظہار کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق فرانسیسی دوا ساز کمپنی سنوفی کے سربراہ پال ہڈسن نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کی کامیاب ویکسین کی تیاری کی صورت میں ابتدائی آرڈرز امریکہ کو فراہم کیے جائیں گے کیونکہ سب سے پہلے اس نے کمپنی کو ویکسین کی تیاری کے لیے فنڈنگ کی۔فرانس کے وزیراعظم کے مطابق کسی بھی کامیاب ویکسین کو برابری کی بنیاد پر ہی تقسیم کیا جائے گا اور اس حوالے سے بحث کی گنجائش موجود نہیں ہے۔فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے اس بارے میں کہا کہ ویکسین کو عالمی حیثیت حاصل ہونی چاہیے، دوا کو مارکیٹ کی قوتوں کے تابع نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ سب کو ویکسین تک رسائی نہ ملنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ساتھ ہی کہا کہ وہ دوا ساز کمپنیوں کے عہدیداران سے ملاقات بھی کریں گے۔

خیال رہے کہ عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے پوری دنیا میں ہلاکتوں کی تعداد 3 لاکھ 8 ہزار سے تجاوز کرگئی۔ عالمی سطح پر کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 46 لاکھ 28 ہزار سے زائد ہو گئی ہے. عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ پوری دنیا میں اب تک اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت 17 لاکھ 58 ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست بھی دے چکے ہیں۔خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 14 لاکھ 84 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ 88 ہزار 500 سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔اسپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 74 ہزارسے زائد ہو گئی ہے۔ اس طرح اسپین میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 27 ہزار4 سو سے بڑھ گئی ہے۔

اٹلی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 23 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 31 ہزار6 سو سے زائد ہو گئی ہے۔

ہم نیوز نے عالمی خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ برطانیہ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد دو لاکھ 36 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں 33 ہزار 9 سو سے زائد افراد نے داعی اجل کو لبیک کہا ہے۔

فرانس میں ایک لاکھ 79 ہزار سے زائد افراد اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 27 ہزار 5 سو سے بڑھ گئی ہے۔