پاکستان میں کورونا سے مزید 76 افراد جاں بحق، اموات کی تعداد 19 ہزار 543 ہوگئی

Another 76 people were killed in Corona in Pakistan, bringing the death toll to 19,543
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس کے وار جاری ہیں، اس موذی مرض میں مبتلا ہو کر مزید 76 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ اموات میں حالیہ اضافے سے ملک بھر میں عالمی وبا سے مرنے والوں کی تعداد 19 ہزار 543 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 30 ہزار 402 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2 ہزار 379 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

گزشتہ روز کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 7.82 فیصد رہی جبکہ ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 8 لاکھ 77 ہزار 130 سے تجاوز کر چکی ہے۔

پشاور میں تحریک انصاف کے سینئر رہنما زاہد محمود بھی کورونا کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔

26a9a2beccf6cf0e638f4f2170d5f50d

دوسری جانب 30 سے زائد برس کے افراد کی کورونا ویکسی نیشن رجسٹریشن کا عمل آج سے شروع ہوگا۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کے باعث 17 مئی سے تمام مارکیٹیں اور دکانیں کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

اس بات کا فیصلہ گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں کیا گیا، اس اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر اسد عمر نے کی۔

اجلاس میں ملک میں کورونا وبا کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے دکانیں اور مارکیٹیں 17 مئی سے رات 8 بجے تک کھلی رکھنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

تمام دفاتر نارمل اوقات کار کے تحت 17 مئی سے کھلیں گے تاہم دفاتر میں 50 فیصد حاضری رکھی جائے گی۔ اس کے علاوہ این سی او سی نے انٹرسٹی اور انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ بحال کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ انٹرا سٹی اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ 17 کے بجائے 16 مئی سے بحال کی جائے گی۔

این سی او سی نے عید کے دوران ایس او پیز عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹرینیں 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چلانے کا فیصلہ بھی کیا۔

اجلاس میں تمام فریقین نے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی کوششوں کو سراہا، عوام کی طرف سے ایس او پیز پر عملدرآمد کے اقدام کو بھی سراہا گیا۔

کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے این سی او سی کا اجلاس دوبارہ 19 مئی کو ہو گا۔