بجلی کے شارٹ فال میں کمی کے باوجود لوڈشیڈنگ جاری

بجلی کے شارٹ فال میں کمی کے باوجود لوڈشیڈنگ جاری

اسلام آباد: بجلی کے شارٹ فال میں کمی کے باوجود ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث گرمی کے ستائے عوام شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق ملک میں بجلی کے شارٹ فال میں کمی آئی ہے جو 4 ہزار 252 میگاواٹ رہ گیا ہے اور اس وقت بجلی کی مجموعی پیداوار 22 ہزار 248 میگاواٹ جبکہ طلب 26 ہزار 500 میگاواٹ سے زائد ہے۔ اس وجہ سے ملک کے مختلف حصوں میں 8 سے 10 گھنٹوں تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
پاور ڈویژن ذرائع کا کہنا ہے کہ پن بجلی سے بجلی کی پیداوار 5 ہزار 590 میگاواٹ، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس سے 960 میگاواٹ، نجی شعبے کے بجلی گھروں سے 12 ہزار 826 میگاواٹ اور ہوا سے بجلی کی پیداوار 428 میگا واٹ ہے۔ اسی طرح بگاس سے چلنے والے پاور پلانٹس 167 میگاواٹ اور جوہری ایندھن سے بجلی کی پیداوار 2 ہزار 277 میگاواٹ ہے۔ 
واضح رہے کہ ملک میں بجلی پیدا کرنے کی مجموعی صلاحیت 36 ہزار 39 میگاواٹ ہے اور شارٹ فال کے باعث 8 سے 10 گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ بعض علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ بھی جاری ہے۔

مصنف کے بارے میں