بجلی کی ہائی ٹرانسمیشن لائن دھماکے سے اڑانے کی کوشش ناکام، 6 دہشت گرد گرفتار

بجلی کی ہائی ٹرانسمیشن لائن دھماکے سے اڑانے کی کوشش ناکام، 6 دہشت گرد گرفتار

لاڑکانہ: پولیس نے نصیرآباد روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے بجلی کی ہائی ٹرانسمیشن لائن دھماکے سے اڑانے کی کوشش کرنے والے کالعدم تنظیم کے 6 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ نصیرآباد روڈ پر پولیس نے کارروائی کے دوران بجلی کی ہائی ٹرانسمشن لائن کے پولز دھماکے سے اڑانے کی کوشش کرنے والے کالعدم تنظیم کے6 دہشت گرد گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 2 ہینڈ گرنیڈ اور 4 پسٹلز برآمد کر لئے۔ 
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں فراز احمد جلبانی، فرحان جتوئی، زبیر جلبانی، محمد حنیف جلبانی اور امتیاز جلبانی شامل ہیں جو اپنا تعلق سندھ ریوولوشنری آرمی (ایس آر اے) کے اصغر شاہ گروپ سے بتا رہے ہیں جبکہ دوران تفتیش انہوں نے اعتراف جرم کرنے کے ساتھ مزید انکشافات بھی کئے ہیں۔ 
گرفتار دہشت گردوں نے بتایا کہ 15 اپریل کو تھانہ رشید وگن کی حدود بھائی خان گاؤں کے قریب دھماکہ خیز مواد سے بجلی کے پول اڑائے اور اب ہائی ٹرانسمیشن لائن اڑانے کی منصوبہ کررکھی تھی تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کی کوشش ناکام بنادی۔
پولیس حکام کے مطابق بجلی کے پول گرانے والے دہشت گردی کیس کو حل کرنے اور بہترین کارکردگی پر ایس ایس پی لاڑکانہ سرفراز نواز نے متعلقہ پولیس ٹیم کیلئے انعامات و اعزازات کے احکامات جاری کئے ہیں۔

مصنف کے بارے میں