کراچی کے میئر وسیم اختر کی آخری مقدمے میں بھی ضمانت منظور، کسی بھی وقت رہا ہو سکتے ہیں

کراچی کے میئر وسیم اختر کی آخری مقدمے میں بھی ضمانت منظور، کسی بھی وقت رہا ہو سکتے ہیں

کراچی: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے میئر کراچی وسیم اختر کے خلاف دہشت گردوں کے علاج میں سہولت کاری کیس میں ضمانت منظور کرلی اور انہیں کسی بھی وقت رہا کیا جا سکتا ہے۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں وسیم اختر کے خلاف دہشت گردوں کے علاج سے متعلق کیس کے سلسلے میں درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔وسیم اختر اور قادر پٹیل دونوں کو عدالت پیش کیا گیا اور ان کی ضمانت منظور کر لی گئی۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ملزمان کو 5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔

واضح رہے کہ وسیم اختر کے خلاف بانی متحدہ الطاف حسین کی نفرت انگیز تقاریر سننے، سہولت کاری، سانحہ 12 مئی اور دہشت گردوں کے علاج سمیت کُل 39 مقدمات کراچی کے مختلف تھانوں میں درج کرائے گئے تھے، جن میں سے 38 مقدمات میں ان کی پہلے ہی ضمانت ہوچکی ہے۔

اب دہشت گردوں کے علاج سے متعلق کیس میں ضمانت منظور ہونے کے بعد وسیم اختر کی رہائی کی راہ ہموار ہوچکی ہے، دوسری جانب اسی کیس کے مرکزی ملزم ڈاکٹر عاصم سمیت دیگر 4 ملزمان کی ضمانت پہلے ہی منظور کی جاچکی ہے۔