تمام محکمہ جات دو فیصد کوٹہ برائے معذور افراد پر سختی سے عملدرآمد کریں‘ چیف سیکرٹری آزاد کشمیر

تمام محکمہ جات دو فیصد کوٹہ برائے معذور افراد پر سختی سے عملدرآمد کریں‘ چیف سیکرٹری آزاد کشمیر

میرپور: تمام محکموں کو ہدائت جاری کی جائے گی دو فیصد کوٹہ برائے معذور افراد پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور یہ کہ خالی آسامیاں پر کرنے کے لیے دیے جانے والے اشتہارات میں بھی دو فیصد کوٹہ برائے معذور افراد کو واضح کریں۔ میں جب بھی میرپور آیا اکاب سکول ضرور آؤں گا۔ ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے پروفیسر محمد الیاس ایوب کی زیر قیادت آزاد کشمیر ایسو سی ایشن آف دی بلائنڈ کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے اس بات پر ناگواری کا اظہار کیا کہ کسی بھی محکمہ میں ملازمین کی بھرتی کے دوران معذور افراد کے کوٹہ کو نظر انداز کیا جائے پروفیسر محمد الیاس ایوب نے چیف سیکرٹری آزاد کشمیر سے کہا آپ اکاب سکول تشریف لائیں اور آکر خود دیکھیں کہ ہمیں بے بصر بچوں کو تعلیم و تربیت دیتے ہوئے کتنی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس وقت تک اکاب سکول سے میٹرک کا امتحان پاس کر کے جانے والے بچوں کی تعداد 70سے زیادہ ہو چکی ہے ہمارے فارغ التحصیل بچے مختلف کالجز اور یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور ہمیں اس بات کا خدشہ ہے کہ اگر ان بچوں کو حکومت کی سر پرستی نہ ملی تو یہ بچے بے روز گار ہونے کی وجہ سے گداگری کا پیشہ اختیار نہ کرلیں۔ صدر اکاب نے مزید کہا کہ اگر خدانخواستہ ایسا ہوا تو نہ صرف ہماری محنت رائیگاں جائے گی بلکہ ہمارے وہ خواب بھی چکنا چور ہو جائے گا جس میں ہم اپنے بے بصر بچوں کو بھیک مانگنے والا نہیں بھیک دینے والا دیکھتے ہیں۔ اس وفد میں رفیق طاہر جنرل سیکرٹری اکاب ، محمد عباس ایوب اور عرفان مجید شامل تھے۔