بھارت آئندہ سال حج کے موقع پر اپنے عازمین کے لیے ایک مربوط موبائل ایپلی کیشن متعارف کرائے گا

بھارت آئندہ سال حج کے موقع پر اپنے عازمین کے لیے ایک مربوط موبائل ایپلی کیشن متعارف کرائے گا

جدہ : بھارت آئندہ سال حج کے موقع پر اپنے عازمین کے لیے ایک مربوط موبائل ایپلی کیشن متعارف کرائے گا۔ سعودی عرب میں بھارتی قونصل جنرل محمد نور رحمان شیخ نے ایک عرب روزنامہ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اس ایپلی کیشن میں بھارتی عازمینِ حج سے متعلق معلومات کے علاوہ بہت سے اضافی فیچرز بھی ہوں گے، اس کی تیاری پر اس وقت کام جاری ہے۔

اس میں پرائیویٹ ٹور آپریٹرز اور حج کمیٹی کے ذریعے آنے والے عازمین حج سے متعلق تمام معلومات ہوں گی۔انھوں نے کہا کہ عازمین حج کو ان کی قیام گاہوں سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لیے ایک ایپلی کیشن ''انڈین حج اکاموڈیشن لوکیٹر'' کے نام سے متعارف کرائی گئی تھی۔اب اس کا نام تبدیل کرکے ''انڈین حج انفارمیشن سسٹم'' رکھ دیا گیا ہے۔
اب ہم تمام چیزوں، آن لائن شکایات کے نظام ،وٹس اپ ،ٹویٹر ،ٹال فری نمبر اور ای میل کو ایک ہی سسٹم میں مربوط کر رہے ہیں۔پہلے ہم حج کمیٹی سے حاجیوں سے متعلق تمام ڈیٹا لیتے ہیں اور قونصل خانے اور حج کمیٹی کے سرورز کو باہم مربوط بناتے ہیں۔اب تک اس ایپلی کیشن کو 55 ہزار مرتبہ ڈائون لوڈ کیا جاچکا ہے اور آئندہ حج تک ہمارا ہدف اس تعداد کو دس گنا بڑھانا ہے۔انھوں نے مزید بتایا ہے کہ اپ گریڈ ایپلی کیشن کو استعمال کرنے کے لیے مشن کے عملے کو تربیت دی جائے گی۔اس وقت عازمین حج حجاز مقدس میں آمد کے بعد یہاں سے وطن لوٹنے تک اس ایپ کو استعمال کرتے ہیں۔
اب ہمارا منصوبہ یہ ہے کہ جونہی کوئی حج کے لیے درخواست دے تو وہ اس کے بعد کے تمام مراحل کے دوران اس سے فائدہ اٹھا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ اب چونکہ اسمارٹ فونز کا استعمال عام ہوچکا ہے ،اس لیے ہم چاہتے ہیں کہ عازمین حج اس ایپ کے ذریعے اپنی درخواست پر پیش رفت یعنی اس کی منظوری ،بھارت سے حج کے لیے روانگی،سعودی عرب میں قیام اور وہاں سے واپسی کی پروازوں کے بارے میں مکمل طور پر آگاہ ہوسکیں۔