کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ انگ تھا نہ ہوگا: فاروق عبداللہ

کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ انگ تھا نہ ہوگا: فاروق عبداللہ

سری نگر: ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے سابق وزیر اعلی اور نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ انگ نہیں ہے۔

سری نگر سے ہمارے نمائندے کے مطابق پارٹی ہیڈ کوارٹر میں کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ کا کہنا تھا کہ کشمیر کبھی ہندوستان کا اٹوٹ انگ تھا اور نہ ہوگا۔
 انہوں نے کہا کہ ہمارا اپنا آئین اور پرچم ہے اور ہم کسی کو بھی اپنے حق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے ہندوستان کی مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ کشمیر کے معاملے کو سیاسی طور پر حل کرنا نہیں چاہتی۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ ہندوستان کشمیریوں اور ان کی مشکلات کو سمجھنے کی کوشش نہیں کر رہا ہے۔
 نیشنل کانفرنس کے صدر نے کشمیر میں جاری مظاہروں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے حق میں نعرے لگانے والے بقول ان کے آزادی کے بارے میں کچھ نہیں جانتے تاہم انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان یہ دیکھ رہے کہ ہندوستان کشمیر میں کیا کر رہا ہے اور اسی لیے وہ سڑکوں پر آکے آزادی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
 فاروق عبداللہ نے ہندوستان اور پاکستان دونوں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر کے معاملے پر ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت کا آغاز کریں۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات ہی معاملے کے حل کا واحد راستہ ہے بصورت دیگر حالات بد سے بد تر ہوتے جاہیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں پچھلے چار ماہ سے ہندوستان مخالف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جس کے دوران سو سے زائد افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں۔

مصنف کے بارے میں