العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز،احتساب عدالت نے ٹرائل کی مدت میں توسیع کیلئے سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا

العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز،احتساب عدالت نے ٹرائل کی مدت میں توسیع کیلئے سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد:سابق وزیراعظم میاں نواز شریف،مریم نواز اور کیپٹن(ر)صفدر کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کیس میں احتساب عدالت نے ٹرائل کی مدت میں توسیع کیلئے سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے ٹرائل کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے سپریم کورٹ کوخط لکھا دیا ہے، احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے سپریم کورٹ کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی دی گئی ڈیڈ لائن میں ٹرائل مکمل کرنا ممکن نہیں۔


خط میں مزید کہا گیا ہے کہ العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز میں ٹرائل مکمل ہونے کے قریب ہے، العزیزیہ میں ملزم کا بیان اور فلیگ شپ میں آخری گواہ پر جرح جاری ہے لہذا ٹرائل مکمل کرنے کے لیے مزید وقت دیا جائے۔


نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف ٹرائل مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن میں اب تک 7 بار توسیع ہوچکی ہے۔ نواز شریف کے خلاف پاناما لیکس فیصلے میں سپریم کورٹ نے ابتدائی طور پر ٹرائل مکمل کرنے کیلئے 6 ماہ کا وقت دیا تھا۔

ٹرائل مکمل نہ ہونے پر پہلے 2 ماہ، پھر دو بار ایک ایک ماہ اور دو مرتبہ چھ چھ ہفتوں کا وقت دیا گیا، آخری بار سپریم کورٹ نے ٹرائل مکمل کرنے کیلئے 17 نومبر کا وقت دیا تھا۔


اب تک احتساب عدالت نے صرف ایک مقدمے ایون فیلڈ کا فیصلہ سنایا ہے جس میں نواز شریف کو 10، مریم نواز کو 7 جب کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔