وزیراعظم عمران خان ہٹلر بننا چاہتے ہیں، خورشید شاہ

 وزیراعظم عمران خان ہٹلر بننا چاہتے ہیں، خورشید شاہ

سکھر:پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ہٹلر بننا چاہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے 51ویں یوم تاسیس کے حوالے سے سکھر میں ہونے والے اجلاس میں خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان نے ثابت کردیا کہ وہ خود بھی ہٹلر ہیں اور عمران خان نے خود کہا ہے کہ وہ یوٹرن لے کر نقصان سے بچنا چاہتے ہیں، وہ یوٹرن لینے کے بیان سے کیا تاثر دینا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ  اس سال پارٹی کی یوم تاسیس کی مرکزی تقریب سکھر میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں ایک سے ڈیڈھ لاکھ لوگوں کی آمد متوقع ہے، اس سلسلے میں پارٹی چیئرمین کے احکامات پر 11 رکنی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں سینیئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جو لیڈر یوٹرن نہ لے وہ لیڈر ہی نہیں، نیپولین اور ہٹلر نے یوٹرن نہ لیکر بہت بڑا نقصان کیا جب کہ نواز شریف نے عدالت میں یوٹرن نہیں لیا بلکہ جھوٹ بولا ہے۔