آصف زرداری اور فریال تالپور کے معاملات بھی جلد طے پا جائیں گے، شیخ رشید

آصف زرداری اور فریال تالپور کے معاملات بھی جلد طے پا جائیں گے، شیخ رشید
نواز شریف کا ای سی ایل سے متعلق جو بھی فیصلہ ہو گا وہ عدالت کا ہو گا، شیخ رشید۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: ریلوے ہیڈ کوارٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نیا سال عمران خان کی حکومت کیلئے اچھا ثابت ہو گا جبکہ حالات سیاست اور عمران خان کی حکومت کی بہتری کی طرف جا رہے ہیں اور عمران کی گڈ گورننس کی شروعات ہو چکی ہے۔


شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔ نواز شریف آج یا کل لندن روانہ ہو جائیں گے۔ آصف زرداری اور فریال پور کے معاملات بھی جلد طے پا جائیں گے اور زرداری سمیت تمام کے تمام لوگ پلی بارگین کی طرف جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا ای سی ایل سے متعلق جو بھی فیصلہ ہو گا وہ عدالت کا ہو گا۔ ڈیل اور ڈھیل کے درمیان ایک فیصلہ ہونے جا رہا ہے اور یہ دونوں پارٹیوں کیلئے ایک راستہ ہے جب کہ عمران خان نہیں چاہتے کہ چوروں کو کوئی رعایت ملے۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کا دھرنا غلط موسم میں شروع کیا گیا اور مولانا کو کہا تھا کہ اسلام آباد کا موسم موافق نہیں مت آئیں۔ دھرنے میں صرف جے یو آئی ف کے کارکن تھے اوردھرنے کے شرکا کی تعداد آہستہ آہستہ کم ہو کر نہ ہونے کے برابر رہ گئی تھی۔

شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے کھایا پیا کچھ نہیں گلاس توڑا بارہ آنے، مولانا کی سیاست اب ختم ہو چکی ہے وہ عمران خان کی کاپی کرنے کی کوشش کر رہے تھے مگر کامیاب نہیں ہوئے اور مولانا نے واپس جا کر عقلمندی کا مظاہرہ کیا۔