لاہور قلندرز پہلی بار پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچ گئی

لاہور قلندرز پہلی بار پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچ گئی
کیپشن: فوٹو/اسکرین گریب

کراچی: پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایلیمینیٹر میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو شکست دے کر پہلی بار فائنل میں جگہ بنا لی۔ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ایلیمینیٹر میں لاہور قلندرز کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں ملستان سلطانز 157 رنز بناسکی اور یوں اسے 25 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر فلیڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ لاہور قلندرز کی جانب سے تمیم اقبال اور فخرزمان نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا لیکن 46 کے مجموعی اسکور پر تمیم آؤٹ ہوئے۔

ڈیوڈ اور فخر زمان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔  ڈیوڈ ویزے نے شاندار بلے بازی کی اور 48 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ فخر زمان 46 اور تمیم اقبال 30 رنز جوڑنے میں کامیاب ہو سکے۔ 

ملتان سلطانز کی جانب سے شاہد آفریدی نے چار اوورز میں اٹھارہ رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایڈم لتھ، محمد الیاس، سہیل تنویر اور جنید خان نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

ملتان سلطانز کی ٹیم 19.1 اوورز میں 157 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ ذیشان اشرف 12 جبکہ ایڈم لیتھ نصف سینچری مکمل کر کے فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔  شان مسعود 27، روی بوپارا ایک اور رائیلی روسو 18 اور شاہد آفریدی صفر پر آوٹ ہوئے۔  سہیل تنویر بھی محض 3 رنز اور عمران طاہر بھی ایک رن بنا کر چلتے بنے۔ لاہور قلندرز کی طرف سے شاہین آفریدی اور دلبر حسین نے دو، دو اور حارث رؤف اور ڈیوڈ ویزے نے تین ، تین وکٹیں حاصل کیں۔