گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کی فتح نے پی ڈی ایم کا بیانیہ مسترد کردیا: وفاقی وزرا

PTI victory in Gilgit-Baltistan rejects PDM's statement: Federal Ministers
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وزرا نے گلگت بلتستان میں فتح کے بعد جاری اپنے بیانات اپوزیشن کی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے پی ڈی ایم کے بیانیے کی نفی قرار دیدیا ہے۔

گزشتہ رات جیسے ہی رزلٹ آنا شروع ہوئے اور پاکستان تحریک انصاف کی فتح واضح ہونا شروع ہوئی تو وفاقی وزیر اسد عمر نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ پر طنزیہ نشتر چلاتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے پی ڈی ایم کے رہنمائوں کو صرف ایک لفظ ''مسترد'' کے ذریعے اپنا پیغام پہنچا دیا ہے۔

اسد عمر نے اپنی ایک اور ٹویٹ میں لکھا کہ گلگت بلتستان میں بدترین شکست کے بعد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا بوریا بستر لپیٹنے اور ان کا بیانیہ دفنانے کیلئے نوجوان رضاکاروں کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے گزشتہ رات اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ میڈیا کے مطابق گلگت بلتستان کے الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو فتح مل رہی ہے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ امید ہے گلگت بلتستان کے انتخابات میں عبرتناک شکست سے پاکستان ڈیموکریٹک موونٹ (پی ڈی ایم) کی قیادت کو احساس ہوگیا ہو گا عوام ان کے بیانیے سے کس قدر ناراض ہیں۔

وفاقی وزیر نے اپوزیشن اتحاد پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ اس کے بجائے کہ وہ دھاندلی کا غیر سنجیدہ بیانیہ اپنائیں، انہیں اپنی سیاست اور لیڈرشپ کی تبدیلی پر غور کرنا چاہیے۔

ادھر وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے ایک بار پھر ن لیگ کو تنقید نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان نے مجرمہ مریم اور مفرور نواز کا ملک دشمن بیانیہ دفن کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام نے وزیراعظم عمران خان پر اپنا اعتماد واضح کر دیا لیکن افسوس حسد، نفرت اور بغض میں بھری مریم ان حقائق سے بھی سبق نہیں سیکھے گی۔ لاہور کے ایک سنئیر ن لیگی لیڈر ملک دشمن بیانیے کی وجہ سے عملی سیاست سے علیحدہ ہو گئے۔