قطر فضائیہ کے سربراہ کا ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ

قطر فضائیہ کے سربراہ کا ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ
کیپشن: فوٹو/اسکرین گریب

اسلام آباد: قطری فضائیہ کے سربراہ میجر جنرل (پائلٹ) سالم حماد عقیل النابت نے اپنے وفد کے ہمراہ آج ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔  انکی آمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے  یاد گارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

بعد ازاں کمانڈر قطری فضائیہ نے پاک فضائیہ کے سربراہ سے تفصیلی ملاقات کی۔ دونوں فضائی سربراہان نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہء خیال کیا۔

قطری فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور خود انحصاری کے میدان میں پاک فضائیہ کی غیر معمولی ترقی کی تعریف کی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے پاکستان اور قطر کے درمیان برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون پر گفتگو کی۔ دونوں معزز شخصیت نے فضائی افواج کے درمیان بے مثال دوستانہ تعلقات کو نئی جہتوں سے روشناس کرانے کے عزم کا اعادہ کیا۔