پی ڈی ایم نے شٹر ڈاؤن اور اسلام آباد مارچ پر غور شروع کر دیا

Pakistan,PDM,Islamabad,PTI,Government
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لئے کمر کس لی۔ میاں افتخار حسین نے کہا کہ پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں شٹر ڈاون اور اسلام آباد مارچ سےمتعلق تجاویز پر غور کیا گیا ہے۔ 

سیکرٹری جنرل پی ڈی ایم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ جس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس جلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی اور کل جماعتی کانفرنس میں پاس ہونے والی قرارداد کو پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں رکھا جائے گا۔ 

 میاں افتخارنے بتایا کہ اجلاس میں پشاور جلسے سے متعلق گفتگو ہوئی جب کہ شٹر ڈاؤن اور اسلام آباد مارچ سے متعلق تجاویز بھی آئیں اور ان دونوں کا فیصلہ سربراہی اجلاس میں کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے بیانیے میں کوئی تضاد نہیں ہے اور اے پی سی کی کچھ شقوں میں اضافہ کیا گیا ہے اور ہم آئین کی بالادستی چاہتے ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ عجیب سی بات ہے کہ گلگت بلتستان میں وبا نہیں ہے اوروہاں پر بڑے بڑے جلسے ہوئے اور اب عوامی اجتماع پر پابندی پی ڈی ایم کے لیے لگائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا ایس او پیز پر عمل درآمد ہونا چاہیے اور پی ڈی ایم کی حکومت مخالف تحریک کو روکا نہیں جا سکتا۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے سرکاری اور حتمی نتائج جاری کر دیئے گئے ہیں جن میں سے 10 سیٹیں تحریک انصاف نے حاصل کی ہیں۔ پیپلز پارٹی کو تین، مسلم لیگ (ن) کو دو اور ایم ڈبلیو ایم کو ایک نشست ملی جبکہ 7 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔