اومان، طالبان سے مذاکرات کیلئے 4 فریقی رابطہ اجلاس آج ہو گا

اومان، طالبان سے مذاکرات کیلئے 4 فریقی رابطہ اجلاس آج ہو گا

مسقط: چار فریقی رابطہ گروپ کا اجلاس آج اومان کے دارالحکومت مسقط میں منعقد ہوگا، ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے سے متعلق حکمت عملی طے کی جائے گی۔

افغانستان میں امن اور طالبان سے مذاکرات کیلئے چار فریقی رابطہ گروپ میں پاکستان، افغانستان، امریکہ اور چین شامل ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کریں گی۔ دفتر خارجہ اور اعلی عسکری حکام بھی وفد میں شامل ہوں گے۔

امریکی وفد کی قیادت نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایلس ویلز اور افغانستان کی جانب سے سیکرٹری خارجہ حکمت خلیل کرزئی جبکہ چین کی جانب سے نمائندہ خصوصی ڈونگ اپنے وفد کی قیادت کریں گے۔

چار فریقی رابطہ گروپ کا آخری اجلاس 18 مئی 2016 کو ہوا تھا۔ اس اجلاس کے 3 روز بعد 21 مئی کو ملا اختر منصور امریکی ڈرون حملے میں مارا گیا جس کے باعث طالبان سے مذاکراتی عمل تعطل کا شکار ہو گیا تھا۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں