نواز شریف نے اپنے داماد سے اظہار لاتعلقی کر دیا

نواز شریف نے اپنے داماد سے اظہار لاتعلقی کر دیا

لندن :نواز شریف نے اپنے داماد سے اظہار لاتعلقی کر دیا،سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے بھی اپنے داماد اور رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) صفدر کے احمدیوں کی مخالفت میں دیئے گئے بیان سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔سینیٹر آصف کرمانی کے توسط سے لندن سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق سابق وزیر اعظم اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کے سسر میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’میں واضح اور دوٹوک الفاظ میں اعلان کرتا ہوں کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو پاکستان کے آئین اور اسلامی تعلیمات کے تحت مکمل بنیادی حقوق حاصل ہیں۔

اپنے بیان میں وضاحت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقلیت مخالف بیان کا حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کی پالیسی اور نظریے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔گذشتہ ہفتے ایک نجی ٹیلی ویڑن کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) یا نواز شریف، کیپٹن (ر) صفدر کے احمدیوں کے حوالے سے دیئے گئے بیان کے ذمہ دار نہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد نے قومی اسمبلی میں اپنی تقریر کے دوران احمدیوں کو ملک کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے فوج میں ان کی بھرتیوں پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

قادیانی مخالف بیان، نواز شریف نے داماد کے بیان سے اظہار لاتعلقی کر دیا

ایوان میں اپنی تقریر کے دوران کیپٹن صفدر نے یہ بھی کہا تھا کہ قائداعظم یونیورسٹی میں ڈاکٹر عبدالسلام سے منسوب فزکس ڈپارٹمنٹ کا نام تبدیل نہ کیا گیا تو وہ اس پر احتجاج کریں گے۔انھوں نے عدالیہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عدالتوں میں بیٹھے لوگوں سے بھی ختمِ نبوت کے سرٹیفکیٹ لیے جائیں۔