قادر خان شدید علیل ہو گئے

قادر خان شدید علیل ہو گئے

ٹورنٹو:دو دہائیوں سے زائد عرصے تک اپنی اداکاری کے ذریعے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے اداکار قادر خان کی صحت ہر گزرتے دن کے ساتھ خراب ہورہی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی اداکار قادر خان کے مداحوں کے لیے بری خبر یہ ہے کہ اب ان کی صحت اس قدر خراب ہوچکی ہے کہ وہ چلنے پھرنے سے قاصر ہوگئے ہیں اور وہیل چیئر پر آگئے ہیںجب کہ انہیں بات چیت کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
سوشل میڈیا پر قادر خان کی ان کے بیٹے کے ساتھ نئی تصویر سامنے آئی ہے جس میں وہ وہیل چیئر پر بیٹھے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔قادر خان ان دنوں اپنے بیٹے سرفراز اور بہو کے ساتھ کینیڈا میں رہائش پذیر ہیں، بڑھتی ہوئی عمر کی وجہ سے انہیں صحت کے مختلف مسائل کا سامنا ہے جب کہ وہ نقل و حرکت کے لیے مکمل طور پر اپنے بیٹے اور بہو کے محتاج ہیں۔
ان کے بیٹے سرفراز خان نے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ ان کے والد کو چلنے پھرنے میں دشواری کا سامنا ہے اور بغیر سہارے کے وہ کھڑے نہیں ہوسکتے۔سرفراز نے بتایا کہ ہم والد کو سہارا دے کر چلانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن چند قدم چلنے کے بعد وہ کہتے ہیں کہ انہیں واپس وہیل چیئر پر بٹھا دیا جائے ورنہ وہ گر جائیں گے۔
سرفراز کے مطابق چند سال پہلے ان کے والد کے گھٹنوں کی سرجری ہوئی تھی جو کامیاب بھی رہی تھی لیکن اس کے بعد قادر خان نے کھڑے ہونے سے انکار کردیا حالانکہ ڈاکٹر نے کہا تھا کہ سرجری کے اگلے روز سے ہی انہیں کھڑے ہوکر چلنے کی کوشش کرنی ہوگی۔جب سرفراز سے یہ پوچھا گیا کہ کیا ان کے والد یعنی قادر خان اپنے پرانے دوستوں گووندا اور شکتی کپور کو پہچانتے ہیں تو انہوں نے کہا کہ جی بالکل وہ سب کو پہچانتے ہیں اور انہیں اب بھی سب کچھ یاد ہے۔