'کچھ لوگ چاہتے ہیں نواز شریف نااہل ہوئے تو عمران خان بھی ہو جائیں'

'کچھ لوگ چاہتے ہیں نواز شریف نااہل ہوئے تو عمران خان بھی ہو جائیں'

اسلام آباد: میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک اانصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کا مقدمہ قسط وار چل رہا ہے اس لیے دستاویزات بھی قسط وار لا رہے ہیں کیونکہ جج صاحبان بڑی باریک بینی سے آڈٹ کر رہے ہیں اور جب جج صاحبان نیا سوال کرتے ہیں تو کاغذات کے لیے ہمیں تگ و دو کرنی پڑتی ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ اس سلسلے کا آخری حصہ مکمل ہو گیا اور عمران خان کی 6 لاکھ 72 ہزار پاؤنڈ کی منی ٹریل مکمل ٹرانزیکشن کے ساتھ عدالت میں جمع کرا دی گئی ہے اور اب اس مقدمے کا تقریباً اختتام ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیازی سروسز عمران خان کی ملکیت نہیں اور نہ ہی عمران خان اس کے ایک بھی شیئر کے مالک ہیں جبکہ نیازی سروسز میں تین مختلف کمپنیاں ہیں جس میں سے عمران خان کا صرف ایک اپارٹمنٹ تھا جسے بیچ کر پیسہ پاکستان لایا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ جو لوگ کہتے ہیں نواز شریف اور عمران خان کے کیس ایک جیسے ہیں تو وہ دیکھ لیں کہ نواز شریف کا کیس 16 کمپنیوں اور 300 ارب کے گرد گھوم رہا ہے اور عمران خان کی 41 سال کی ٹوٹل منی ٹریل 6 لاکھ 72 ہزار پاؤنڈ ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کچھ لوگ چاہتے ہیں نواز شریف نااہل ہوئے تو عمران خان اور جہانگیر ترین سمیت سب نااہل ہو جائیں تاکہ نواز شریف کی نااہلی کا دکھ کچھ کم ہو۔ انہوں نے مزید کہا عمران خان ایک دن بھی ملک کے وزیراعظم یا وزیر اعلیٰ نہیں رہے جب کہ نواز شریف ساڑھے 9 سال وزیراعظم، 5 سال وزیراعلیٰ اور وزیر خزانہ بھی رہے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں