اگر بھارت کھیلنا چاہے تو مقابلے کسی تیسرے ملک بھی ہو سکتے ہیں : وقار یونس

اگر بھارت کھیلنا چاہے تو مقابلے کسی تیسرے ملک بھی ہو سکتے ہیں : وقار یونس

دبئی:سابق کپتان وقار یونس نے پاک بھارت مقابلوں کے بغیر ٹیسٹ چیمپئن شپ کو بیکار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ ایک اچھا آئیڈیا ہے لیکن پاکستان اور بھارت کے باہمی مقابلوں کے بغیر اس کا مقصد حاصل نہیں ہوسکتا۔


ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر دونوں ممالک آپس میں کھیلیں گے تو اس سے نہ صرف ٹیسٹ چیمپئن شپ کو فائدہ حاصل ہوگا بلکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بھی بہتری آئے گی، جب دنیا کی دو بہترین ٹیمیں آپس میں کھیلیں گی ہی نہیں تو پھرآپ اسے ٹیسٹ چیمپئن شپ کہہ ہی نہیں سکتے، پاک بھارت مقابلوں کے بغیر کیسے کسی کو چیمپئنز یا پھر نمبر1 یا 2 ٹیم قرار دیا جاسکتا ہے۔


بھارت کی جانب سے یو اے ای میں پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے باربار انکار پر وقار یونس کا کہنا تھا کہ اگر بھارت پاکستان کے ساتھ کھیلنا چاہتا ہے تو دونوں کے درمیان مقابلے انگلینڈ یا آسٹریلیا میں بھی ہوسکتے ہیں، اگرچہ یو اے ای پاکستان کا ہوم وینیو بن چکا مگر اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ دونوں ممالک کہاں پر کھیلتے ہیں۔