ہنگو: پاک افغان سرحد کے قریب کرم ایجنسی میں امریکی ڈرون حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سرکاری ذرائع کے مطابق کرم ایجنسی کے پاک افغان سرحدی علاقے غوز گڑھی میں ڈرون حملہ ہوا ہے جس میں ایک مکان پر 4 میزائل داغے گئے۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ڈرون طیارے نے مولوی محب نامی شخص کے گھر کو یکے بعد دیگرے دو میزائلوں سے نشانہ بنایا۔ حملے کے نتیجے میں گھر زمیں بوس ہوگیا جبکہ اس میں موجود تین افراد ہلاک اور ایک کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

واضح رہے کہ پاک افغان سرحد سے متصل افغان علاقوں میں دہشت گردوں کی محفوظ پناگاہیں موجود ہیں تاہم افغان اور وہاں تعینات غیر ملکی افواج ان کے خلاف زمینی کارروائی سے اجتناب برتتے ہیں جس کی وجہ سے پاکستان اور افغانستان میں دہشت گردی کی وارداتیں ہوتی ہیں۔