مولانا فضل الرحمان کی گاڑی حادثے کا شکار،7 افراد زخمی

مولانا فضل الرحمان کی گاڑی حادثے کا شکار،7 افراد زخمی
فائل فوٹو

بنوں:جمعیت علماءاسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا قافلہ حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں3پولیس اہلکاروں سمیت 7افراد زخمی ہوگئے جبکہ مولانا فضل الرحمان کی گاڑی ٹرک کے نیچے آنے سے بال بال بچ گئی اور ان سمیت گاڑی میں سوار تمام افراد محفوظ رہے۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بنوں سے اسلام آباد آرہے تھے کہ اچانک کرک تنگوڑی چوک کے قریب انڈس ہائی وے پر قافلے میں شامل پولیس گاڑی مسافر بس سے ٹکرا گئی۔ اس دوران مولانا فضل الرحمن کی تیز رفتار گاڑی بھی حادثے کی شکار گاڑیوں سے ٹکرائی اور اس دوران وہ بس کے نیچے آنے سے بال بال بچ گئی۔

رپورٹ کے مطابق مسافر بس پشاور سے کراچی جارہی تھی، حادثہ اس قدر شدید تھا کہ پولیس گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی، حادثے میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے جنہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچا دیا گیا جب کہ مولانا فضل الرحمن بحفاظت اسلام آباد روانہ ہوگئے۔